ایران کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکی حملے جاری رہے تو جنگ کا دائرہ مزید وسیع ہو جائے گا اور نئے محاذ کھل سکتے ہیں۔
ٹیلیگرام پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں محمد اکرمینیا نے کہا ہے کہ اگر امریکا کی جارحیت جاری رہی تو جنگ نئے علاقوں تک پھیل جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کی صلاحیتوں کا ایک بڑا حصہ ابھی تک استعمال نہیں کیا گیا۔
ایرانی فولادی وار خطے میں امریکا کے بنیادی ڈھانچوں کا نشان مٹا دیں گے: خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر
محمد اکرمینیا کا کہنا ہے کہ اگر ملک کے خلاف کسی بھی قسم کی دشمن کارروائی جاری رہی تو ایران کا جواب حالات کے مطابق ہو گا، جو دشمن کی توقعات سے کہیں بڑھ کر ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا اپنے ہمسایہ ممالک یا خطے کی اسلامی ریاستوں سے تصادم کا کوئی ارادہ نہیں، ایران ہمیشہ علاقائی تعاون اور برادرانہ تعلقات کے فروغ کا خواہاں رہا ہے، خطے سے باہر کے ممالک ایران کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات رکھیں۔
ترجمان ایرانی فوج نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج کا اولین مقصد ملک کی سلامتی، قومی مفادات اور وقار کا تحفظ ہے، ایرانی مسلح افواج اپنی ذمے داریوں کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گی۔