نئی دہلی، 6 نومبر (یو این آئی) یونیورسٹی گرانٹ کمیشن (یو جی سی) نے یونیورسٹیوں اور کالجوں کو کھولنے کے لئے نئی رہنما ہدایات جاری کی ہیں۔وزارت تعلیم نے کہا کہ ریاست کی یونیورسٹیاں اور کالجوں میں کمیشن کی جانب سے تیار کئے گئے حفاظتی اور ہیلتھ پروٹوکول کی رہنما ہدایات پر عمل آوری کے لئے متعلقہ ریاست / مرکزی حکومت فیصلہ کریں گی۔نئی رہنما ہدایات کے مطابق یونیورسٹی اور کالج کیمپس مرحلہ وار طریقے سے کھولے جاسکتے ہیں۔
سبھی تحقیقی طالب علموں اور سائنس ٹیکنالوجی کے کورسز کے ماسٹرز طلبا کو پہلے کالج بلایا جاسکتا ہے کیونکہ ان کی تعداد دوسرے کورسز کے طلباء سے کم ہے۔ اس کے علاوہ، اگر طلبا چاہیں تو، وہ کلاسز میں شرکت نہ کرکے گھر میں رہ کر آن لائن کورسز میں حصہ لے سکتے ہیں۔ یو جی سی کے رہنما خطوط کے مطابق، کورونا انفیکشن کی علامات والے طلباء کو کیمپس، یونیورسٹی یا کالج ہاسٹل میں شیئر روم میں رہنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔