نیویارک،14جون(یواین آئی) ایک نئی تحقیق کے مطابق ذیابیطس کے مریضوں میں بلڈشوگر کی سطح میں کمی لانے کے لئے دنیا بھر میں تجویز کی جانے والی دوا ’میٹ فورمن‘ کورونا وائرس کے مریضوں میں پھیپھڑوں کے ورم کے علاج میں مؤثر ثابت ہوسکتی ہے یہ دوا جگر میں گلوکوز بننے کی سطح کو کم کرتی ہے جس سے جسم میں بلڈ شوگر لیول کم ہوتا ہے اور جسم کا انسولین پر ردعمل بہتر ہوتا ہے جبکہ یہ ورم کش خصوصیات کی بھی حامل دوا ہے، تاہم اس سرگرمی کی وجہ معلوم نہیں۔اب امریکہ کی کیلیفورنیا کی تحقیق میں ’میٹ فورمن‘ کی ورم کش سرگرمی کے مالیکیولر میکنزم کو دریافت کیا گیا۔
چوہوں پر کی جانے والی تحقیق میں پایا گیا کہ اس دوا سے کووڈ 19 کے مریض جانوروں میں پھیپھڑوں کے ورم کی روک تھام کی جاسکتی ہے۔
گزشتہ سال سے ہی دنیا بھر میں متعدد کلینکل ٹرائلز میں دریافت کیا گیا کہ کووڈ 19 سے متاثر ہونے والے ذیابیطس کے مریض اگر پہلے سے ’میٹ فورمن‘ کا استعمال کررہے ہوتے ہیں تو ان میں بیماری کی شدت اور موت کے خطرے میں کمی آتی ہے۔