امریکی خاتون نے دنیا کے سب سے بڑے منہ کھولنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔
یہ کارنامہ امریکی ریاست الاسکا کی رہائشی میری پرل زیلمر رابنسن نے انجام دیا، جنہوں نے اپنے غیر معمولی بڑے منہ کی بدولت عالمی سطح پر شہرت حاصل کی۔
گینیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق ایک ماہر دندان ساز نے ان کے منہ کی پیمائش کی، جو کھلنے کی حالت میں 2.98 انچ ریکارڈ کی گئی۔
اس سے قبل یہ اعزاز سمانتھا رامسڈیل کے پاس تھا جن کا منہ 2021ء میں 2.56 انچ تک کھلنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔
میری پرل نے بتایا کہ انہوں نے سمانتھا رامسڈیل کی وائرل ویڈیو دیکھ کر پہلی بار یہ سوچا کہ شاید وہ بھی اس منفرد صلاحیت کی مالک ہو سکتی ہیں۔
میری پرل نے کہا مجھے ہمیشہ لگتا تھا کہ میرا منہ بہت بڑا ہے، مگر کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ یہ عالمی ریکارڈ بن سکتا ہے، جب میں نے سمانتھا کی ویڈیوز دیکھیں، تب جا کر خیال آیا کہ میرا منہ اس سے بھی بڑا ہو سکتا ہے۔
ان کی یہ حیرت انگیز صلاحیت سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے پھیل گئی ہے، جہاں انہیں بے شمار لوگ دیکھ کر حیران ہیں۔