نئی دہلی، 31 دسمبر (یواین آئی) کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے پھیلاؤ کے پیش نظر نئے سال کے موقع پر دارالحکومت میں نائٹ کرفیو نافذ رہے گا ۔دہلی ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کے مطابق نائٹ کرفیو کے دوران نئے سال کی تقریبات یا اجتماعی تقریبات پر پابندی رہے گی ۔
نائٹ کرفیو 31 دسمبر اور یکم جنوری کی رات11 بجے سے دوسرے دن صبح 6 بجے تک نافذ رہے گا ۔
بیان کے مطابق دو دن کے نائٹ کرفیو میں عوامی مقامات پر پانچ سے زیادہ افراد جمع نہیں ہوسکیں گے ، حالانکہ اس دوران بین ریاستی آمدورفت اور مال گاڑیوں پر پابندی نہیں رہے گی ۔ قومی دارالحکومت دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 677 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6.24 لاکھ ہوگئی ہے۔ اسی دوران مزید 21 مریضوں کی موت ہو جانے سے مرنے والوں کی تعداد 10،523 ہوگئی ہے۔ وہیں 6.8 لاکھ افراد کے صحتیاب ہونے سے ایکٹوکیسزکی تعداد 5838 رہ گئی۔