نیوزی لینڈ میں جمعے کے روز کرائسٹ چرچ شہر کی دو مساجد میں فائرنگ کر کے 50 نمازیوں کو شہید کر دینے والا آسٹریلوی قاتل برینٹن ٹیرینٹ آنے والے دنوں میں سماعت کے دوران عدالت کو اپنے شدت پسند نظریات اور افکار پھیلانے کا پلیٹ فارم بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
یہ بات ٹیرینٹ کے وکیل رچرڈ پیٹرز نے ملک کے ایک بڑے اخبار نیوزی لینڈ ہیرالڈ سے گفتگو میں بتائی۔ ٹیرینٹ کو قتل اور دیگر الزامات عائد کیے جانے کے سلسلے میں ہفتے کے روز کرائسٹ چرچ کی عدالت میں پیش کیا گیا تو اس موقع پر اس کا وکیل دفاع بھی موجود تھ۔ سماعت کے بعد ٹیرینٹ نے رچرڈ پیٹرز سے کہا کہ آج کے بعد وہ اس کی نمائندگی نہ کرے اور مستقبل میں وہ خود اپنا دفاع کرے گا۔ آسٹریلوی قاتل کو 5 اپریل کو اگلی سماعت پر پیش کیا جائے گا۔
وکیل رچرڈ کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہیں کسی طور یہ نہیں لگتا کہ ٹیرینٹ ذہنی توازن کے حوالے سے غیر مستحکم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قتل عام کا ذمے دار اپنے کیے پر ہر گز نادم نہیں تھا۔ وکیل نے اس امید کا اظہار کیا کہ سماعت کے موقع پر مقدمے کا جج ٹیرینٹ کو اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ وہ عدالت کو اپنے شدت پسندی پر مبنی افکار پھیلانے کے لیے پلیٹ فارم میں تبدیل کر لے ،،، البتہ اس واسطے خصوصی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
ادھر نیوزی لینڈ بینکنگ ایسوسی ایشن کے سربراہ نے حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لیے دس لاکھ ڈالر عطیے کا اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں Linwood اسلامی مرکز سے ایک کلو میٹر دور قبرستانMemorial Park Cemetery کے اسلامی حصے میں تدفین کے لیے ابتدائی طور پر 10 میتوں کو منتقل کیا جائے گا۔
دوسری جانب آسٹریلوی سینیٹرFraser Anning کی جانب سے اپنے سر پر انڈہ پھوڑنے والے لڑکے کی پٹائی کے بعد فریزر کے دیے گئے بیان پر سخت احتجاج جاری ہے۔ فریزر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ “نیوزی لینڈ میں خون بہائے جانے کی حقیقی وجہ وہ امیگریشن پروگرام ہے جس کے تحت مسلمانوں کو ہجرت کر کے اس ملک میں آنے کی اجازت دی گئی”۔ اس سلسلے میںchange.org ویب سائٹ کے ذریعے یہ مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے کہ اس سینیٹر کی پارلیمنٹ کی رکنیت منسوخ کر دی جائے۔ پیر کی صبح تک اس مطالبے کے حق میں دستخط کرنے والوں کی تعداد 12 لاکھ سے زیادہ ہو چکی تھی۔ اس مہم کے لیے مطلوبہ ہدف 15 لاکھ افراد کے دستخط کا رکھا گیا ہے جو زیادہ سے زیادہ منگل تک پورا ہو جانے کی قوی امید ہے۔
اس سے قبل اتوار کے روز ایک اسرائیلی ٹی وی چینل نے انکشاف کیا کہ قاتل برینٹن ٹیرینٹ نے 25 اکتوبر 2016 کو ترکی سے آتے ہوئے اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔ اس نے اسرائیل میں 9 روز گزارے ۔