نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد النور مسجد اور لین ووڈ میں دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کی جانب سے 15 مارچ 2019 کو کیے جانے والے سفاکانہ حملے کے تناظر میں فلم بنائے جانے کے معاملے پر مسلمانوں نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق فلم ساز نیوزی لینڈ کی فلم ساز اینڈریو نکولو کی جانب سے مساجد حملے کے تناظر میں فلم بنائے جانے کے اعلان کے بعد وہاں کے مسلمانوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

فلم ساز کی جانب سے اعلان کے بعد نیوزی لینڈ میں 10 اور 11 جون کو ٹوئٹر پر ’دی آر اس شٹ ڈاؤن‘ کا ٹرینڈ بھی ٹاپ پر رہا، جسے استعمال کرتے ہوئے نہ صرف مسلمانوں نے بلکہ دیگر افراد نے بھی فلم نہ بنانے کا مطالبہ کیا۔
مسلمانوں کی تنظیم ’مسلم ایسوسی ایشن آف سینٹربری‘ نے بھی اپنے بیان میں مذکورہ فلم بنائے جانے کے معاملے پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’مسلمانوں پر اب بھی حملے کیے جانے کے خطرات منڈلا رہے ہیں‘۔









