مڈل آرڈر کے بلے باز ہینری نکولس کی 174 ر ن کی شاندار اننگز اور تیزگیندباز کائل جیمسن (34 رن پر 5 وکٹ) کی شاندار کارکردگی سے میزبان نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن سنیچر کے روز فالوآن کے لئے مجبور کردیا ہے۔ نیوزی لینڈ نے کل کے 6 وکٹ پر 294 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اپنی پہلی اننگز میں 114 اوور میں 460 رن بنائے۔
ویسٹ انڈیز نے دن کا کھیل ختم ہونے تک 54 اوور میں صرف 124 رن کے اسکور پر 8 وکٹ گنوا دیئے اور ٹیم فالو آن کے بحران میں پھنس گئی ہے۔ تیزگیندباز جیمسن نے 13 اووور میں 34 رن دے کر 5 وکٹ حاصل کئے۔ صبح نیوزی لینڈ نے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا ۔ نکولس نے 117 اور جیمسن نے ایک رن سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔
نکولس کی شاندار 174 رن کی اننگز اور گیندباز نیل ویگنر کے ناٹ آوٹ 66 رن کی طوفانی اننگز کے دم پر نیوزی لینڈ نے 460 رن بنائے۔ نکولس نے 280 گیندوں پر 174 رن میں 21 چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ ویگنر نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے صرف 42 گیندوں میں چار چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 66 رن بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے شینن گیبریل اور الزاری جوسف نے تین تین وکٹ لئے۔
نیوزی لینڈ کے بڑے اسکور کے سامنے بلے بازی کرنے اتری ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے بغیر کوئی رن بنائے ہی کریگ بریتھویٹ کے طور پر پہلا وکٹ گنوایا۔ کریگ اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے اور پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے ڈیرن براوو بھی کچھ خاص نہیں کرسکے اور کچھ دیر وکٹ پر ٹھہرنے کے بعد 7 رنز کے ذاتی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔
جان کیمبل بھی مختصر جدوجہد کے بعد 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ روسٹن چیز پہلی ہی گیند پر آوٹ ہوگئے جس سے ویسٹ انڈیز مکمل دباؤ میں آگئی ۔ نیوزی لینڈ کی خطرناک تیز گیندبازی کے سامنے ویسٹ انڈیز نے صرف 29 رن پر چار وکٹ کھو دیئے تھے جس کے بعد پانچویں وکٹ کے لئے شامرہ بروکس اور جرمین بلیک ووڈ کے درمیان پانچویں وکٹ کے لئے 68 رنز کی شراکت ہوئی لیکن وہ اسے زیادہ آگے نہیں لے جا سکے۔
بروکس 92 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے فورا بعد ہی بلیک ووڈ بھی 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ بلیک ووڈ نے 92 گیندوں کی اپنی اننگز میں 11 چوکے لگائے۔ کپتان جیسن ہولڈر نے ایک بار پھر مایوس کیا اور 9 رنز کے ذاتی اسکور پر جیمسن کا شکار بن گئے۔ ساتویں پوزیشن پر بلے بازی کرنے آئے الزاری جوزف بھی کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے۔ دوسرے دن اسٹمپ کے وقت وکٹ کیپر جوشوا ڈ سلوا 12 گیندوں میں دو اور کیمر ہولڈر پانچ رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
نیوزی لینڈ کے لئے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے کائل جیمسن نے 13 اوور میں 34 رن دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے جبکہ تجربہ کار گیندباز ٹم ساؤدی نے 16 اوور میں 29 رن دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز کے پہلے مقابلے میں ویسٹ انڈیز کو یک طرفہ انداز میں اننگز اور 134 رن سے ہراکر ویسٹ انڈیز کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی جیت درج کی تھی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم میزبان ٹیم کو2-0 سے شکست دے کر کلین سوئپ کرنے کی پوری کوشش کرے گی اور وہ اگر جیتنے میں کامیابی رہی تو عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹ ٹیبل میں انگلینڈ سے معمولی طور پر آگے بڑھ جائے گی اور چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی امیدیں بھی بڑھ جائیں گی۔