نئی دہلی : ملک کی راجدھانی دہلی میں کورونا وائرس کی وجہ سے حالات بے قابو ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں ، جس کے پیش نظر دہلی کی اروند کیجریوال حکومت نے سختی برتنی شروع کردی ہے ۔
دہلی سرکار نے ملک کی راجدھانی میں فوری اثر سے رات 10 بجے سے صبح پانچ بجے تک کیلئے نائٹ کرفیو لگانے کا اعلان کیا ہے ۔ نائٹ کرفیو 30 اپریل تک لاگو رہے گا ۔ اس دوران کسی بھی طرح کی سرگرمی پر پابندی رہے گی ۔ ساتھ ہی آمدورفت پر بھی پابندی رہے گی ۔
دہلی حکومت کا یہ حکم فوری اثر سے لاگو ہوگا ۔ حالانکہ اس دوران ضروری خدمات سے وابستہ لوگوں کو راحت دی جائے گی ۔ دہلی میں کورونا کے معاملات مسلسل بڑھ رہے ہیں ۔ روز تقریبا چار ہزار نئے معاملات سامنے آرہے ہیں اور ٹیسٹ کی پازیٹیویٹی شرح بھی پانچ فیصد سے اوپر ہوگئی ہے ، جس کو دھیان میں رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بتادیں کہ وزیر اعلی کیجریوال نے جمعہ کو کہا تھا کہ دہلی کورونا کی چوتھی لہر کا سامنا کررہی ہے ، لیکن لاک ڈاون لگانے کا ابھی کوئی ارادہ نہیں ہے ۔
ملک میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 7.88 لاکھ سے متجاوز
ادھر ملک میں جان لیوا اور مہلک ترین کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایکٹیو کیسز کی تعداد 46393 بڑھ کر مجموعی تعداد 788223 ہوگئی ہے ۔ منگل کی صبح مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 96982 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 26 لاکھ 86 ہزار 49 ہوگئی ہے۔
اسی عرصے کے دوران 50143 مریض صحت مند ہوئے ، جس سے شفایاب مریضوں کی مجموعی تعداد 1،17،32،279 ہوچکی ہے۔اسی عرصے کے دوران موذی وبا سے 446 اموات سے بڑھ کر مجموعی تعداد 1،65،547 ہوگئی ہے۔ ملک میں کورونا سے شفایابی کی شرح 92.48 فیصد، ایکٹیو کیسز کی شرح 6.21 فیصد جبکہ اموات کی شرح 1.30 فیصد ہے ۔
ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر ایکٹیو کیسز کے معاملہ سرفہرست ہے اور اس ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایکٹیو کیسز کی تعداد 20881 بڑھ کرمجموعی تعداد 452777 ہوگئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران ، ریاست میں مزید 26252 مریض صحتمند ہوئے جس سے کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 2549075 تک ہو گئی ہے۔ 155 مزید مریضوں کی اموات سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 56033 ہوگئی ہے۔