نئی دہلی،16مارچ(یو این آئی)دہلی حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے احتیاط کے طور پر مزید قدم اٹھاتے ہوئے تمام نائٹ کلب،پب،جم اور اسپا کو 31مارچ تک بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے پیر کے روزکورونا وائرس پر متعلقہ محکموں کے وزرا ء اور افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں یہ معلومات دی۔انھوں نے بتایا کی ریاستی حکومت مرکزی حکومت کی ہدایات کے مطابق کام کررہی ہے۔مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے سبھی مناسب اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
مسٹر کیجریوال نے بتایا کہ دہلی میں کورونا کے سات معاملے سامنے آئے ہیں جس میں دو کو علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔ جب کہ ایک کی موت ہوگئی ہے۔چار دیگر کا علاج ابھی چل رہا ہے۔
انھوں نے کہاکہ اسکول، کالج اور آنگن واڑی کو پہلےہی 31 مارچ تک بند کر دیا گیا ہے۔اب نائٹ کلب،پب،جم، اسپا اور ہفتہ وار بازار کو بھی 31مارچ تک بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔مسٹر کیجریوال نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سماجی کاموں میں حصہ لینے سے بچیں۔اس کے علاوہ مذہبی،سیاسی اور سماجی پروگرام میں 50 سے زائد افراد کو ایک جگہ پر جمع ہونے پر روک لگا دی گئی ہے۔ حالانکہ انھوں نے شادی کی تقریب کو اس سے مستثنیٰ رکھا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ ممکن ہو تو شادی کی تاریخ کو آگے بڑھا دیں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی قیادت والی خصوصی ٹاسک فورس نے سبھی اضلاع کے مجسٹریٹ سب ڈیوژنل افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ پوری دہلی میں ہاتھ دھونے کے لئے ڈسپنسر لگانے کا انتظام کریں۔ڈپٹی کمشنروں اور میونسپل کارپوریشن سے کہا ہے کہ اپنے علاقوں میں 300 مقامات پر ڈسپنسر لگانے کے ساتھی ہی لکوڈ صابن اور پانی کا انتظام ہاتھ دھونے کے لئے کریں۔
پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کو جراثیم کش بنانے کے لئے روزانہ چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔ٹیکسیوں اور تین پہیہ گاڑیوں کو بھی بس ڈپو پر مفت میں جراثیم کش بنانے کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں۔
مسٹر کیجریول نے کہا کہ جن لوگوں کو گھر میں ہی رہنے کے لئے کہا گیا ہے اس پر وہ سختی سے عمل کریں۔