نئی دہلی، 8 فروری (یو این آئی) رافیل جنگی طیارہ سودے میں بے ضابطگی کا ‘جنون’ لوک سبھا میں جمعہ کو ایک بار پھر ظاہر ہوا، جہاں متحدہ اپوزیشن نے اس معاملے کی تحقیقات کے لئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) قائم کرنے کا مطالبہ کیا ، وہیں حکومت نے کہا کہ اپوزیشن پارٹی ‘مردے میں جان ڈالنے’ کی كوشش کررہی ہے۔
رافیل سودے میں وزیر اعظم کے دفتر کی کھلی مداخلت پر وزارت دفاع کے ایک افسر کے اعتراض سے متعلق خط ایک انگریزی اخبار میں شائع ہونے کے بعد رافیل کا ‘جنون’ ایک بار پھر ایوان میں ظاہر ہوا اور وقفہ سوالات میں کانگریس، ترنمول کانگریس اور تلگودیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے ہنگامے کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک کے لئے ملتوی کرنی پڑی۔
دوبارہ کارروائی شروع ہونے پر وقفہ صفر کے دوران ہاتھوں میں اخبار کی کاپیاں لئے اپوزیشن ارکان کے ہنگامے کے درمیان ہی وزیر دفاع نرملا سیتا رمن نے کہا کہ رافیل سودے میں گڑبڑی کے الزامات پر ایوان میں بحث ہو چکی ہے، حکومت کا جواب بھی آ چکا ہے اور عدالت عظمی نے اپنا فیصلہ بھی سنا دیا ہے اور یہ مسئلہ اب ختم ہو چکا ہے، اس کے باوجود اپوزیشن پارٹیاں ‘مردے میں جان ڈالنے’ کی کوشش کر رہی ہیں۔