مہوبہ:اترپردیش میں مہوبہ ضلع کے چرکھوری علاقے میں بنیادی سہولیات سے محروم دیہاتیوں کے ذریعہ اسمبلی انتخابات کا بائیکاٹ کئے جانے کے اعلان سے انتظامیہ میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے ۔ضلع مجسٹریٹ سمیت سینئر افسروں نے گاؤں پہنچ کر ناراض لوگوں کو ان کی شکایتیں دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کی اپیل کی ہے ۔
ڈپٹی ضلع مجسٹریٹ مردل چودھری نے بتایا کہ نٹرا میں گرام پردھان گائتری دیوی کی صدارت میں کل دیہی لوگوں کی میٹنگ میں الیکشن کے بائیکاٹ کے لئے کئے گئے فیصلے سے انتظامیہ حیران ہے ۔میٹنگ میں گاؤں کے ہرایک کنبہ سے ایک رکن کی موجودگی اہم رہی تھی۔اجتماعی فیصلے کے بعد دیہی لوگوں نے اپنے گھروں کے باہر کالے جھنڈے لگاکر مخالفت بھی کی۔اعلی عہدے داران کے حکم کے باوجود نٹرا میں خشک سالی سے متاثر کسانوں کو راحت امداد کی تقسیم نہ کئے جانے پر لوگوں نے دستخط کرکے الیکشن کا بائیکاٹ کرنے سے متعلق نوٹس الیکشن کمیشن اور دیگر اہم افسروں کو بھیجا ہے ۔
مسٹر چودھری نے بتایا کہ ضل مجسٹریٹ اجے کمار،چیف ڈولپمنٹ افسر سمیت سینئر افسروں نے نٹرا پہنچ کر لوگوں سے بات کی اور ان کی پریشانیوں کے جلداز جلد حل کی یقین دہانی کی۔لوگوں سے فیصلہ واپس لینے اور ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔