نئی دہلی، 15 جولائی (یو این آئی) حکومت نے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے عہد کا اعلان کرتے ہوئے لوک سبھا میں پیر کو بتایا کہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کے مجرم کو بخشا نہیں جائے گا، بھلے ہی وہ کسی بھی ذات، مذہب، فرقہ یا خطے کا کیوں نہ ہو۔ حکومت نے پاکستان جیسے ملک کے باز نہ آنے پر سرجیکل اسٹرائک اور بالاکوٹ کی طرح فضائی حملوں کے راستے بھی اپنانے کے عہد کا اعادہ کیا ۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے قومی جانچ ایجنسی ترمیمی بل 2019 پر بحث میں مداخلت کرتے ہوئے متعلقہ بل کے قانون بننے کے بعد قانون کے غلط استعمال کے ارکان کے خدشات کو عبث قرار دیتے ہوئے ایوان کو یقین دلایا کہ مجوزہ قانون کا غلط استعمال ان کی حکومت قطعی نہیں ہونے دے گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو ختم کرنا مودی حکومت کا بڑاہدف ہے اور اس سمت میں ہر مکن کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کا جو کوئی بھی قصوروار پایا جائے گا اسے بخشا نہیں جائے گا خواہ وہ کسی بھی ذات، مذہب، کمیونٹی یا خطے کا کیوں نہ ہو۔
انسداد دہشت گردی قانون (پوٹا) کو منسوخ کرنے کے اپوزیشن کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا کہ کانگریس کی قیادت والی اس وقت کی متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت نے ووٹ بینک کی خاطر پوٹا کو منسوخ کیا تھا۔ پوٹا ایسا قانون تھا جس سے دہشت گردوں کے دماغ میں خوف پیدا ہوتا تھا لیکن 2004 میں یوپی اے اقتدار میں آتے ہی یو پی اے حکومت نے اسے کابینہ کی پہلی میٹنگ میں رد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔