علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ویمنس کالج میں ایسو سی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر احسان اللہ فہد نے تاریخی شہر رامپور میں واقع رضا لائبریری کے زیرِ اہتمام” اسلامی علوم و فنون میں غیر مسلموں کی خدمات” موضوع پرمنعقدہ بین الاقوامی سیمینار میں شرکت کرکے ” اسلام میں عورتوں کے حقوق مالک رام کی تحریروں کے حوالہ سے ” عنوان سے اپنا مقالہ پیش کیا۔
رضا لائبریری، رامپورکے زیرِ اہتمام” اسلامی علوم و فنون میں غیر مسلموں کی خدمات” موضوع پر منعقدہ،بین الاقوامی سیمینار میں اے ایم یو کے اساتذہ کی شرکت
ڈاکٹر احسان اللہ فہد نے اپنے مقالہ میں کہا کہ مالک رام نے جہاں اردو ادب کی خدمات انجام دی ہیں وہیں ان کی اسلامی علوم پر بھی خاصی گرفت تھی اس سلسلہ میں ان کی ایک تصنیف” اسلام میں عورتوں کے حقوق” قابلِ ذکر ہے جس میں مصنف نے عورتوں کے بنیادی اور اہم ترین مسائل پر گفتگو کی ہے مثلاً وراثت، طلاق، بیوہ، ماں، بیٹی جیسے اہم عناوین کے ذریعہ قرآن و حدیث کے تناظر میں اس کا حل پیش کیا ہے ۔
رضا لائبریری، رامپورکے زیرِ اہتمام” اسلامی علوم و فنون میں غیر مسلموں کی خدمات” موضوع پر منعقدہ،بین الاقوامی سیمینار میں اے ایم یو کے اساتذہ کی شرکت
ویمنس کالج میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شائستہ پروین نے ” سیرتِ پیغمبر اعظمﷺ غیر مسلم مفکرین اور شعراء کی نظر میں”عنوان سے اپنا مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی حقانیت کا اعتراف غیر مسلم مفکرین نے بھی کیا ہے اور یہ ایک طویل فہرست ہے ۔
انہوں نے مائیکل ہارٹ اور ریون لیوی، موشے گل وغیرہ کے اسلام کے حوالے سے خیالات کو نہایت تفصیل کے ساتھ پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد ﷺ کی زندگی کو غیر مسلم مفکرین خصوصاً مستشرقین نے جہاں اپنی تنقید کا نشانہ بنایا ہے وہیں وہ آپﷺ کی توصیف و مدحت کرتے نظر آتے ہیں
اے ایم یو کے سنّی دینیات شعبہ میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ندیم اشرف نے ” غیر مسلم مفکرین کی قرآنی خدمات” عنوان سے مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی حلاوت اور جاذبیت نے غیر مسلم دانشوروں کو مسخر کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اسلام کی صداقت پر اپنی شہادت زبان سے نہیں بلکہ قلم کے ذریعہ پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے مقالے کے عنوان کے تحت غیر مسلم مفکرین کی قرآنی خدمات کا تفصیل سے جائزہ لیتے ہوئے ان کے افکار و نظریات پیش کئے ۔
شعبئہ سنّی دینیات کے ہی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ریحان اختر قاسمی نے ” سیرتِ نبویﷺ غیر مسلم دانشوروں کی نظر میں” عنوان پر اپنا مقالہ پیش کیا جس کا ماحصل یہ تھا کہ غیر مسلم جو محمد ﷺ کی ثناء و توصیف کرتے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اسلام کی حقانیت کے معترف ہیں۔ انہوں نے بودھ مذہب کے گرو دلائی لامہ کے حوالہ سے کہا کہ دلائی لامہ جیسے مذہبی شخص نے آپﷺ کی تعریف کی۔ اسی طرح معروف سیاست داں مسٹر رام جیٹھ ملانی نے بھی حالیہ دنوں میں محمد ﷺ کے کارناموں کو سراہا ہے ۔شعبئہ سنّی دینیات کے پوسٹ ڈوکٹریٹ فیلو ڈاکٹر ظفر دارک قاسمی نے ” ہندو مصنفین کی سیرت نگاری کا تحقیقی و تنقیدی جائزہ” عنوان سے اپنا مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہندوستان جیسے ملک میں رواداری، بھائی چارگی اور انسان دوستی کی سخت ضرورت ہے کیونکہ شدت کے ساتھ ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب متاثر ہو رہی ہے ۔