لکھنئو – لکھنئو کے مشہورِ زمانہ ‘چپ تعزیے’ پر نور یاب نکہت کی بنائی ہوئی فلم ‘ویننگ مون'( Waning Moon) آج دو بجے دن میں دوردرشن پر دکھائی جائے گی – فلم سازی کی جدید ترین تکینک کے ماتحت بنائی جانے والی اس فلم میں چپ تعزیے کی تاریخ، اس کے اٹھائے جانے کا سبب اور اس تعزیے کی بنا رکھنے والے خانوادے کے عروج و زوال کی داستان کو علامتی انداز میں دکھایا گیا ہے اور پس منظر میں لکھنئو کی عزاداری کے مخصوص منطروں کا استعمال کیا گیا ہے –
‘ویننگ مون’ کی اس سے قبل انڈیا انٹر نیشنل سینٹر (دہلی) کے فلمی میلے میں ہندوستان کی ان چیدہ اور منتخب فلموں کے ساتھ نمائش کی جا چکی ہےجنہیں عالمی فلمی میلوں میں دکھائے جانے کے لیے بھیجا جا سکتا ہے –
نوریاب نکہت پروفیسر انیس اشفاق کی بیٹی ہیں – انہوں نے لکھنئو کے لوریٹو کانونٹ سے انٹر کرنے کے بعد دہلی کے مشہور لیڈی سری رام کالج سے انگریزی میں بی-اے آنرس کیا پھر دہلی کے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ماس کام انسٹیٹیوٹ سے ‘تخلیقی صحافت’ میں ڈگری حاصل کی – پونے کے عالمی شہرت یافتہ فلم انسٹی ٹیوٹ سے فوٹو گرافی اور اسکرپٹ رائٹنگ کا کورس مکمل کرنے کے بعد اب وہ مختلف تہزیبی اور سماجی موضوعات پر فلمیں بنانے میں مصروف ہیں –