نئی دہلی۔ مرکزی وزیر گری راج سنگھ (Giriraj Singh) نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف دہلی کے شاہین باغ میں خواتین کے احتجاج کو لے کر ایک اشتعال انگیز بیان دیا ہے۔ گری راج سنگھ نے جمعرات کو ٹوئٹر پر شاہین باغ (Shaheen Bagh Protest) کا ایک ویڈیو شئیر کر کے اس تحریک پر سوال اٹھایا ہے۔
مرکزی وزیر نے ویڈیو کے ساتھ ٹویٹ کیا ہے ’ یہ شاہین باغ اب صرف تحریک نہیں رہ گیا ہے… یہاں خودکش بمبار کا جتھا بنایا جا رہا ہے‘۔
بتا دیں کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب گری راج سنگھ نے سی اے اے 2019 کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کو لے کر سوال اٹھایا ہے۔ اس سے پہلے بھی گری راج سنگھ نے اسدالدین اویسی کو لے کر کہا تھا کہ پاکستان جیسا ملک ان جیسوں کے لئے ہی بنایا گیا ہے۔
مرکزی وزیر نے ٹوئٹر پر شئیر کئے ویڈیو میں شاہین باغ کی تحریک پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ قومی راجدھانی میں ہی ملک کے خلاف سازش کی جا رہی ہے۔ دلی اسمبلی الیکشن کے لئے ہونے والی ووٹنگ سے دو دن پہلے گری راج سنگھ کا یہ بیان اہمیت کا حامل ہے۔