نئی دہلی۔ یوپی کا بدنام گینگسٹر وکاس دوبے دہلی۔ این سی آر میں چھپا ہو سکتا ہے۔ لہذا یوپی اے ٹی ایس سمیت دوسری شاخ کے کچھ پولیس افسران اور جوان اس مسئلہ پر دہلی پولیس کے رابطے میں ہیں۔ دہلی پولیس کے ذرائع کے مطابق، گینگسٹر وکاس دوبے کو ڈر ہے کہ یوپی میں اس کا انکاونٹر ہو سکتا ہے یا اس کے ساتھ یوپی پولیس کی ٹیم بہت غلط کر سکتی ہے۔ اسی ڈر کے پیش نظر وہ دہلی واقع عدالت میں خودسپردگی کر سکتا ہے۔
یوپی کے ایک سینئر پولیس افسر نے بھی اپنا نام نہ بتانے کی شرط پر اس معاملہ میں جانکاری دی ہے کہ وہ دہلی پولیس کے رابطے میں مسلسل بنے ہوئے ہیں۔ اگر دہلی۔ این سی آر میں اس سے جڑی کوئی جانکاری ملتی ہے تو یوپی پولیس کی ٹیم دہلی پولیس کی مدد سے اسے پکڑنے کی کوشش کرے گی۔ دہلی پولیس کی اسپیشل سیل اور کرائم برانچ کی ٹیم کے ساتھ یوپی پولیس مسلسل رابطے میں بنی ہوئی ہے۔ دہلی پولیس کی ٹیم بھی یہ کوشش کر رہی ہے کہ اگر وکاس دوبے دہلی میں کہیں چھپا ہے تو اسے گرفتار کر کے فوری طور پر یوپی پولیس کو سونپ دے۔
کون ہے وکاس دوبے؟
اب تک یوپی میں تقریبا 42 معاملوں کا ملزم وکاس دوبے کانپور شوٹ آوٹ معاملے کا ملزم ہے۔ اس تصادم میں سی او دیویندر مشرا سمیت 8 پولیس والے شہید ہو گئے تھے۔ قتل کرنے کے بعد ملزم وکاس دوبے فرار ہے، اس کو ڈھونڈنے کے لئے یوپی پولیس کی کئی ٹیمیں جٹی ہیں۔ اس معاملہ میں اگر کوئی اہم جانکاری یا دستاویز حاصل ہوتے ہیں تو یوپی پولیس سمیت دوسری جانچ ایجنسی یا سینٹرل ایجنسی بھی اس معاملہ میں دوسرا ایف آئی آر درج کر سکتی ہیں۔