لکھنئو۔ مرکزی حکومت کی ایما پر ریاست اترپردیش میں شروع کی گئی این پی آر سے متعلق پہلے مرحلے کی کارگزاریوں اور کارروائیوں پر فی الحال حکومت اتر پردیش نے آئندہ حکم نامہ آنے تک روک لگادی ہے۔
چیف سکرٹری جتیندرکمار نے اس ضمن میں پوری ریاست کے ضلع مجسٹریٹوں اور کمشنروں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ واضح رہے کہ حکومت اتر پردیش نے یہ اہم فیصلہ کورونا وبا کے خطرات اور دیگر مسائل کے پیش نظر کیا ہے۔
حکومت کی اس پیش رفت سے ان لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے جو این پی آر کو این آر سی سے جوڑ کر دیکھ رہے تھے اور اس کی بڑے پیمانے پر مخالفت کر رہے تھے۔ بالخصوص ملک کی اقلیتوں اور یوں کہا جائے کہ سب سے بڑی اقلیت نے این پی آر کے التواء پر سب سے زیادہ سکون محسوس کیا ہے۔