نئی دہلی:انڈین ٹی بورڈ نے چائے باغات کے مزدوروں کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے خاطر خواہ نقدی نہیں ہونے کا معاملہ متعلقہ ریاستی حکومتوں اور ریزرو بینک آف انڈیا کے سامنے اٹھایا ہے ۔
ٹی بورڈ کے چے ئرمین سنتوش سارنگی نے ریزرو بینک کے علاقائی افسران سے بات کی ہے اور چائے باغات مزدوروں کو تنخواہ کی ادائیگی کرنے کے لئے خاطر خواہ نقدی دستیاب کرانے اور اس سلسلے میں مناسب قدم اٹھانے کی درخواست کی ہے ۔
ٹی بورڈ نے مزدوروں کے مسائل کے سلسلے میں آسام، مغربی بنگال، تمل ناڈو اور کیرل کے چیف سکریٹریوں کو بھی خط لکھا ہے ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ چائے باغات کے مزدوروں کے بینک اکاونٹ ترجیح کی بنیاد پر کھولے جانے چاہئیں اور متعلقہ علاقوں میں نقدی دستیاب کرائی جانی چاہئے ۔ خاص طور پر جلپائی گوڑی، دارجنگ، علی پور دوار اور کوچ بہار میں نقدی دستیا ب کرانے کے احکامات دئے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ آٹھ نومبر کو نوٹ بندی کے بعد چائے باغات کے مزدوروں کو تنخواہ وغیرہ کی زبردست پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ چائے باغات کے مالک نقدی نہیں ہونے کی وجہ سے مزدوروں کو ان کی تنخواہیں نہیں دے رہے ہیں۔