دوبئی ۔ ایک ہندوستانی نژاد تاجر جس نے مسلم ورکرس کیلئے یو اے ای میں ایک مسجد تعمیر کروائی ہے، وہ جاریہ ماہ رمضان المبارک میں کم و بیش 800 ورکرس کو روزانہ افطار بھی فراہم کررہا ہے۔
49 سالہ ساجی چیرین جس کا تعلق ہندوستان کی ریاست کیرالا کے کایم کلم سے ہے، نے گذشتہ سال مسلم ورکرس کیلئے مسجد تعمیر کروائی تھی جس کا نام مریم ام عیسیٰ رکھا گیا تھا۔ چیرین نے دیکھا کہ اس کے ساتھی ورکرس نماز ادا کرنے کیلئے ماہ رمضان میں ٹیکسیاں کرائے پر لیکر دوردراز کے مقامات جایا کرتے تھے۔
چیرین 2003ء میں یو اے ای آیا تھا اور اس وقت اس کے پاس صرف ایک معمولی رقم تھی اور آج یہ حال ہیکہ وہ 800 مسلم ورکرس کیلئے ایئرکنڈیشنڈ کنونشن سنٹر میں افطار کا اہتمام کرتا ہے۔ اس موقع پر چیرین نے کہا کہ مسجد کا افتتاح گذشتہ سال 17 ویں روزہ سے ہوا تھا لہٰذا اسے افطار کا اہتمام کرنے کیلئے صرف 13 دن ہی مل سکے تاہم اس سال وہ رمضان المبارک کے تمام 29 یا 30 روزوں کیلئے افطار کا مکمل طور پر اہتمام کرسکے گا۔
افطار میں کھجور، تازہ پھل، کچھ تلن کی اشیاء، جوس، پانی اور بریانی سربراہ کی جاتی ہے۔