اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2024 میں دنیا بھر میں بین الاقوامی تارکین وطن کی تعداد 30 کروڑ 40 لاکھ تک پہنچ گئی جو 1990 کے بعد سے تقریباً دوگنی ہے، جو عالمی سطح پر ایک اندازے کے مطابق اُس وقت 15 کروڑ 40 لاکھ تھی۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے محکمہ برائے اقتصادی و سماجی امور (ڈیسا) کی رپورٹ ’انٹرنیشنل مائیگرنٹ اسٹاک 2024‘ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دہائیوں میں بین الاقوامی تارکین وطن کی تعداد میں ہوشربا اضافے کے باوجود، دنیا کی آبادی میں ان کا حصہ بہت کم ہے۔
2024 میں عالمی سطح پر صرف 3.7 فیصد افراد بین الاقوامی تارکین وطن تھے، جو 1990 کے 2.9 فیصد سے معمولی اضافہ ہے۔
امریکا نے 2024 میں کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں 5 کروڑ 24 لاکھ کے ساتھ سب سے زیادہ بین الاقوامی تارکین وطن کی میزبانی کی۔
2024 میں جرمنی نے ایک کروڑ 68 لاکھ، سعودی عرب نے ایک کروڑ 37 لاکھ، برطانیہ نے ایک کروڑ 18 لاکھ، فرانس نے 92 لاکھ، اسپین نے 89 لاکھ، کینیڈا نے 88 لاکھ، متحدہ عرب امارات نے 82 لاکھ، آسٹریلیا نے 81 لاکھ، روس نے 76 لاکھ، ترکیہ نے 71 لاکھ اور اٹلی نے 66 لاکھ تارکین وطن کی میزبانی کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2024 میں دنیا بھر میں تمام بین الاقوامی تارکین وطن میں سے صرف نصف (48 فیصد) خواتین یا لڑکیاں تھیں۔
یورپ اور شمالی امریکا کے ساتھ ساتھ لاطینی امریکا اور کیریبین میں بھی خواتین اور لڑکیوں کی تعداد تمام بین الاقوامی تارکین وطن میں سے نصف کے لگ بھگ رہی، جب کہ 1990 سے 2024 کے درمیان ان کے تناسب میں تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔
9 کروڑ 40 لاکھ کے ساتھ یورپ نے 2024 میں کسی بھی دوسرے خطے کے مقابلے میں سب سے زیادہ بین الاقوامی تارکین وطن کی میزبانی کی۔
6 کروڑ 10 لاکھ کے ساتھ شمالی امریکا بین الاقوامی تارکین وطن کی دوسری سب سے بڑی تعداد کا مسکن رہا، اس کے بعد شمالی افریقہ اور مغربی ایشیا کا خطہ 5 کروڑ 40 لاکھ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
آٹھ خطوں میں بین الاقوامی تارکین وطن کی تعداد میں سب سے زیادہ اضافہ یورپ میں دیکھا گیا، جس میں 1990 سے 2024 کے درمیان 4 کروڑ 30 لاکھ کا اضافہ ہوا۔
2020 کے بعد سے یورپ میں بین الاقوامی تارکین وطن کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جس کی ایک بڑی وجہ یوکرین سے پناہ گزینوں کی آمد ہے۔
شمالی امریکا میں 1990 سے 2024 کے درمیان 3 کروڑ 40 لاکھ بین الاقوامی تارکین وطن کا اضافہ ہوا۔ تاہم اس خطے میں ترقی کی رفتار وقت کے ساتھ سست ہوگئی۔
2020 سے 2024 کے درمیان، شمالی امریکا میں بین الاقوامی تارکین وطن کی تعداد میں اوسطاً سالانہ ایک فیصد سے بھی کم اضافہ ہوا، جب کہ 1990 سے 2000 کے درمیان سالانہ نمو کی اوسط شرح 3.8 فیصد اور 2000 سے 2010 کے دوران 2.3 فیصد تھی۔
2024 میں 4 کروڑ 60 لاکھ افراد کے ساتھ، اوقیانوسیہ کی کُل آبادی دوسرے علاقوں کے مقابلے میں کم تھی، تاہم یہاں بین الاقوامی تارکین وطن کی تعداد 21 فیصد پر مشتمل تھی۔