نئی دہلی:توانائی کے وزیر پیوش گوئل نے آج کہا کہ اس سال اکتوبر تک ملک کے ہر گاؤں میں بجلی پہنچ جائے گی۔
دیہات تک بجلی پہنچانے کی دین دیال اپادھیائے گرام جیوتی منصوبہ بندی کی پیش رفت کے بارے میں یہاں صحافیوں کو بتاتے ہوئے مسٹر گوئل نے کہا کہ تین سال پہلے مودی حکومت کی تشکیل کے وقت ملک کے 18،452 گاؤوں بجلی سے محروم تھے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 15 اگست 2015 کو ایک ہزار دن کے اندر یعنی یکم مئی 2018 تک ان گاؤوں کے ہر گھر تک بجلی پہنچانے کا وعدہ کیا تھا۔مسٹر گوئل نے کہا کہ اب تک محروم گاؤوں میں سے 13،511 گاؤوں تک بجلی پہنچ چکی ہے اور باقی 3،997 گاؤوں تک اسی سال اکتوبر تک بجلی پہنچ جائے گی تاکہ اگلے سال 01 مئی تک ہر گھر میں بجلی پہنچانے کانشانہ پورا کیا جا سکے ۔
گزشتہ سال اکتوبر میں تمام ریاستوں کے توانائی کے وزرا کے ساتھ ملاقات کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ مئی 2017 تک تمام محروم گاؤوں تک بجلی پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جن 13،511 گاؤوں تک بجلی پہنچائی گئی ہے ان میں 50 فیصد گھروں تک بجلی پہنچ چکی ہے . ملک کے 4،53،27،748 خاندان اب بھی اندھیر میں رہتے ہیں اور حکومت نے اگرچہ سال 2022 تک تمام گھروں کو ساتوں دن چوبیس گھنٹے بجلی دینے کا نشانہ مقرر کر رکھا ہے ، لیکن امید کی جاتی ہے کہ حکومت 15 اگست 2019 تک اس مقصد کو حاصل کر لے گی۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ جھارکھنڈ اور چھتیس گڑھ میں نکسلیوں سے متاثرہ کچھ اضلاع میں اس محاذ پر پریشانی آرہی ہے ۔ حکومت نے وہاں چھوٹے شمسی پلانٹس کے ذریعے آف گرڈ بجلی کی فراہمی کا نشانہ رکھا ہے ۔ شمال مشرق کے ناقابل رسائی گاؤوں میں بھی آف گرڈ بجلی کی فراہمی کا بندوبست کیا گیا ہے ۔مسٹر گوئل نے کہا کہ ملک میں بجلی کی اب کوئی کمی نہیں ہے بلکہ ہمارے پاس ضرورت سے زیادہ بجلی ہے ۔ حکومت تمام 25 کروڑ بجلی میٹروں کو سمارٹ میٹر میں تبدیل کرنے کے لئے کوشاں ہے اور اس کے لئے وہ باقاعدہ گرانٹ کے علاوہ بھی ریاستوں کی مالی مدد کرنے کے لئے تیار ہے ۔