گورکھپور: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ عوام کے مسائل کو پوری سنگینی،حساسیت اور دھیان سے سنیں اور ان کا فوری ازالہ کرائیں تاکہ کسی کو بھی پریشان نہ ہونا پڑے ۔یوگی نے منگل کی صبح گورکھ ناتھ مندر میں جنتا درشن کے دوران تقریبا 200لوگوں کے مسائل کو سنا اور افسران کو فوری ازالے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں کو حکومت کو مفاد عامہ کی اسکیمات کا فائدہ پہنچایا جائے ۔ جنہیں علاج میں حکومت کی مدد کی ضرورت ہے ان کے اسٹیمٹ بنا کر جلد از جلد حکومت کو بھیجا جائے ۔اگر کہیں کوئی زمین قبضہ یا دبنگئی کررہا ہو تو اس کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے ۔ ہر متاثر کے مسئلے کا تصفیہ غیر جانبداری سے اس کی تشفی کے مطابق کیا جائے ۔یوگی نے سب کو تیقن دیا کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔
فریادیوں کی عرضیاں متعلقہ افسران کو دیتے ہوئے تشفی بخش ازالے کی ہدایت دینے کے ساتھ لوگوں کو بھروسہ دلایا کہ حکومت ہر متاثر کے مسئلے کو حل کرے گی۔