میکسیکو سٹی 3 جنوری (اسپوتنک) شمالی امریکی ملک میکسیکو میں فائزر کی کورونا ویکسین لینے والی ایک خاتون ڈاکٹر کو دورے پڑنے، سانس لینے میں تکلیف اور انسفیلیومائلائٹیز جیسی پریشانی ہونے کے بعد اسپتال کی انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں داخل کرایا گیا ہے۔
میکسیکو کی وزارت صحت نے ہفتہ کے روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے یہ معلومات دی ہے۔
وزارت نے اپنے بیان میں کہا ’’ایک 32 سالہ خاتون ڈاکٹر کو دوا بنانے والی کمپنی فائزر کی کورونا ویکسین لگانے کے آدھے گھنٹے کے اندر جلد میں خارش ، دورے پڑنے، پٹھوں کی کمزوری اور سانس لینے میں دشواری کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ویکسین لگانے کے بعد خاتون ڈاکٹر کی صحت سے متعلق تکالیف کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ ابتدائی جانچ میں انسفیلیومائلائٹس کا پتہ لگا ہے۔ ڈاکٹر کی حالت مستحکم ہے اور وہ زیرعلاج ہے۔ ڈاکٹر کو پہلے بھی کچھ دوائیوں سے الرجی سے متعلق دشواری رہی ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ کورونا وائرس سے بری طرح متاثر میکسیکو میں اب تک 1.26 لاکھ سے زائد افراد کی موت ہوچکی ہے۔