واشنگٹن۔ امریکی ریاست ٹینیسی میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک برہنہ شخص کی فائرنگ سے چار افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں جبکہ حملہ آور فرار ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دوپہر کے وقت ایک شخص خودکار اسلحہ لے کر ایک ریستوران میں داخل ہوا اور لوگوں پر فائرنگ کرنا شروع کر دی۔ اس واقعے میں زخمی ہونے والے دو افراد میں سے ایک شخص نے مسلح حملہ آور سے اسلحہ چھینا جس کے بعد حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔
پولیس نے حملہ آور کی شناخت کر لی ہے لیکن اسے گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ 29 سالہ مشتبہ حملہ آور کا تعلق ریاست الینوائے سے ہے اور اسے گذشتہ برس وائٹ ہاؤس کے قریب ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش پر بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کے ترجمان ڈون ایرون نے بتایا کہ حملہ آور ٹرک پر بیٹھ کر ریستوران پہنچا، جہاں اس نے باہر فائرنگ کر کے دو افراد کو ہلاک کر دیا جبکہ دو افراد ریستوران کے اندر فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔
پولیس نے مشتبہ حملہ آور اور اس کے پاس موجود اسلحے کی تصویر جاری کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں اے آر- 15 رائفل استعمال ہوئی ہے۔ امریکہ میں زیادہ تر فائرنگ کے واقعات میں حملہ آوروں نے اسی نوعیت کے اسلحہ کا استعمال کیا۔