روم، 22 اکتوبر (یو این آئی) وسطی اٹلی کے ایمیلیا-روماگنا میں شدید بارش سے زبردست سیلاب کی وجہ سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک شخص کی موت ہو گئی ہے اور کم از کم 2500 لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہو نے پر مجبور ہوناپڑا۔ میئر میٹیو لیپور نے سوشل میڈیا پر یہ معلومات دی۔
ایک 20 سالہ شخص جو اپنے بھائی کے ساتھ گاڑی چلا رہا تھا اس وقت ہلاک ہو گیا جب اتوار کو ایمیلیا-روماگنا خطے کے دارالحکومت اور سب سے بڑے شہر بولوگنا کے قریب ایک چھوٹے سے قصبے میں کار سیلاب میں بہہ گئی۔
اس علاقے میں ہفتہ سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق پیر کی سہ پہر تک 472 فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں 890 ریسکیو آپریشن کیے ہیں۔ بولوگنا کے رہائشیوں کو اتوار سے تمام غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔