جموں، (محمد اشرف گنائی): جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے دنگدورو علاقے میں واقع ایچ آر ٹی پروجیکٹ سائٹ پر گزشتہ رات اچانک مٹی کا تودہ گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
جس کے نتیجے میں ایک شخص کی موت ہو گئی جب کہ پانچ افراد معمولی طور پر زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ تین سے چار افراد کے اب بھی لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مٹی کا تودہ گرنے کے بعد موقع پر افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے ایک شخص کی لاش برآمد کی ہے۔
جب کہ زخمی افراد کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں نیٹ ورک رابطہ انتہائی خراب ہونے کے باعث لاپتہ افراد سے ابھی تک کوئی رابطہ قائم نہیں ہو سکا ہے۔ جس کی وجہ سے ان کی حالت کے بارے میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
پھنسے افراد کی تلاش کے لیے مسلسل سرچ آپریشن
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلع انتظامیہ، جموں و کشمیر پولیس، سول آرمی اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور راحت و بچاؤ کا کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔
ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش کے لیے مسلسل سرچ آپریشن جاری ہے اور لاپتہ افراد کو جلد از جلد تلاش کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ فی الحال امدادی کارروائیاں تیزی سے کی جارہی ہیں۔ تاہم اس سلسلہ میں مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔