سورت، 24 ستمبر (یو این آئی) گجرات کے سورت کے ہزیرہ آئل اینڈ نیچرل گیس کارپوریشن (او این جی سی) کے پلانٹ میں آج صبح 3 زبردست دھماکوں کے بعد آگ لگ جانے سے افراتفری مچ گئی۔
تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
کلکٹر دَھول پٹیل نے بتایا کہ صبح تقریباً تین بجے تین دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ اس کی وجہ سے آن سائٹ ایمرجنسی ظاہر کردی گئی تھی۔
دریں اثنا او این جی سی نے باضابطہ طور پر اطلاع دی کہ پروسیسنگ پلانٹ (خام تیل یعنی کروڈ آئل صاف کرنے والا پلانٹ) میں آگ لگی تھی۔ اس پر قابو پالیا گیا ہے، اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
واضح رہے کہ 640 ہیکٹر پر پھیلا یہ بڑا پلانٹ ممبئی سے 240 کلومیٹر لمبی سمندری پائپ لائن کے ذریعے خام تیل لایا جاتا ہے۔ یہ ایل پی جی، نفتھا، اے ٹی ایف، ایچ ایس ڈی این پروپین وغیرہ جیسے ایندھن تیار کرتا ہے۔