لکھنؤ: اہمیت عزاداری اور تحفظ عقائد کے موضوع پر ایک بین الاقوامی کانفرنس کا اہتمام ۲۵ و ۲۶؍جولائی کو شب میں ساڑھے۸بجے سے آن لائن زوم ایپ پر ہوگا۔ آل انڈیا شیعہ پرسنل لابورڈکےترجمان مولانا یعسوب عباس نے ایک ویڈیو پیغام کےذریعہ یہ اطلاعات دیں۔ انہوںنے بتایاکہ کانفرنس کا انعقاد ادارہ تحفظ عزاداری کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔
مولانا یعسوب عباس نے بتایاکہ اس کانفرنس میںہندوستان کے علاوہ دیگرممالک سے علماو خطباءشامل ہوںگے۔ اس میں پاکستان، ایران، عراق، کناڈا، یو کے، امریکہ، آسٹریلیا، یورپ، افریقہ وغیرہ ممالک کے علماآن لائن کانفرنس میں خطاب کریںگے۔ انہوںنے بتایاکہ ادارہ تحفظ عزاداری کا قیام خطیب اکبر مولانا مرزامحمد اطہر کے ذریعہ کیاگیا تھا اور اپنی زندگی میں انہوں نے لکھنؤ، دہلی اورممبئی میں کئی پروگرام منعقد کئے تھے۔ مولانا یعسوب نےکہاکہ عزاداری اور عقائد کے سلسلہ میں پوری دنیا میں ہونے والے حملوںکا جواب کانفرنس کےذریعہ دیا جائے گا۔ مولانا نے بتایا کہ کانفرنس میں خصوصی طورپر آیت اللہ بشیر نجفی کے بیٹے آیت شیخ علی نجفی بھی شامل ہوںگے۔ کانفرنس کا نشریہ گراف ایجنسی و دیگر چینلوںپرکیاجائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ بورڈکی جانب سے محرم کے سلسلہ میں آن لائن جلسہ منعقد ہوا تھا جس کے بعد سے محرم کے سلسلہ میں مرکزی وریاستی حکومت سےمسلسل گفتگو و خط اور کتابت کا سلسلہ جاری ہے۔ بقرعیدکے بعد دوبارہ ایک جلسہ کیاجائے گاجس میں محرم کے سلسلہ میں رہنما ہدایات جاری کی جائیں گی۔