نئی دہلی، 11 دسمبر (یو این آئی) آیوروید کے ڈاکٹروں کو سرجری کی اجازت دینے والے حکومت کے فیصلے کے خلاف اسپتالوں کی او پی ڈی خدمات آج بند رہیں اور کئی سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹروں نے ہاتھ میں کالی پٹی باندھ کر کام کیا اور اس قومی سطحی ہڑتال کو اپنی حمایت دی۔ یہ قومی سطحی ہڑتال آج صبح چھ بجے سے شام چھ بجے تک کی تھی۔
دراصل آیورویدک طبی طریقہ کار کے ذریعے علاج کرنے والے ڈاکٹروں کو کئی طرح کے آپریشن کرنے کی اجازت دینے والے سرکاری فیصلے کے خلاف انڈین میڈیکل اسوسی ایشن (آئی ایم اے) نے قومی سطحی ہڑتال کرنے کی اپیل کی تھی۔ مرکزی حکومت نے حال ہی میں نوٹیفکیشن جاری کی تھی کہ آیوروید میں پوسٹ گریجویشن کرنے والے ڈاکٹر اب 58 طرح کی سرجری سیکھ سکتے ہیں اور آزادنہ اس کی پریکٹس بھی کر سکتے ہیں۔
آئی ایم اے نے نیتی آیوگ کی جانب سے کمیٹیوں کی تشکیل پر بھی اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کمیٹیوں سے محض مکسوپیتھی کو فروغ ملے گا۔ آئی ایم اے سرجری کی اجازت دینے والے نوٹیفکیشن واپس لینے اور کمیٹیوں کو تحلیل کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ آئی ایم اے کا کہنا ہے کہ تمام طبی طریقہ کار کو اپنے مطابق ترقی کرنے کا حق ہے۔