نئی دہلی، 20 جنوری؛ وزیر اعظم نریندر مودی نے شہریت ترمیمی قانون کے سلسلے میں ملک بھر میں جاری تحریکوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے آج کہا کہ انتخابات میں مسترد شدہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس گمراہی اور جھوٹ پھیلانے کے علاوہ اب کچھ نہیں بچا ہے مودی نے یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کے نو منتخب صدر جگت پرکاش نڈا کے پہلی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’ہماری مصیبت یہ نہیں ہے کہ ہم کوئی برا یا غلط کام کر رہے ہیں۔ ہماری مصیبت یہ ہے کہ ہمیں عوام کی کافی حمایت مل رہی ہے‘‘۔
استقبالیہ تقریب میں پارٹی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی، ڈاکٹر مرلی منوہر جوشی، سبکدوش ہونے والے صدر امت شاہ، سابق صدر اور مرکزی وزیر راجناتھ سنگھ اور نتن گڈکری، پارٹی کی تنظیم کے سکریٹری جنرل بی ایل سنتوش ، مرکزی وزیر تھاورچند گہلوت، پارٹی کے نائب صدر شیوراج سنگھ چوہان سمیت متعددمرکزی وزیر، مختلف ریاستوں کے وزیر اعلی، نائب وزیر اعلی، پارٹی کے مرکزی اور ریاستی عہدیدار، ایم پی، ایم ایل اے وغیرہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔