اوینجرز: اینڈ گیم 22 اپریل کو امریکہ میں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہے اور مارول سیریز کی اس نئی فلم نے باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑنے شروع کر دیے ہیں۔
امید کی جا رہی ہے کہ یہ سنہ 2019 کی سب سے بڑی فلم ثابت ہو گی۔ پاکستان میں یہ فلم جمعے کو نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔
مارول کی سنیمائی دنیا کی یہ 22 ویں فلم ہے اور اس سیریز کی ابتدا سنہ 2008 میں ‘آئرن مین’ فلم سے ہوئی تھی۔
اگر آپ ‘اینڈ گیم’ دیکھنا چاہتے ہیں اور مارول کی سنیمائی کائنات (ایم سی یو) کے حجم سے گھبرائے ہوئے ہیں تو خوفزدہ ہونے کی کوئی بات نہیں۔ یہاں وہ تمام چیزیں پیش کی جا رہی ہیں جن کا علم آپ کے لیے ضروری ہے۔
مارول سنیمیٹک یونیورس یا سنیمائی کائنات (ایم سی یو) وہ مقام ہے جہاں کامک بُک کے کردارروں پر مبنی تمام 22 فلمیں بنی ہیں۔
ہر ایک فلم اپنی منفرد کہانی کہتی ہے تاہم وہ ایم سی یو کی دوسری فلموں سے ربط پیدا کرتی ہیں تاکہ وہ ایک بڑی کہانی کہہ سکیں۔ یہ ایک تکنیک ہے جسے مارول کامکس کے روح رواں سٹین لی نے بھی اپنے کامکس میں استعمال کیا ہے۔
ایم سی یو فلموں کی تاریخ کی سب سے کامیاب فرنچائز ہے جس نے آج تک 18 ارب 20 کروڑ امریکی ڈالر سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔