لکھنؤ: شعبہ لبرل ایجوکیشن، ایرا یونیورسٹی نے یکم سے 7 دسمبر تک ہائبرڈ موڈ میںصحت اور سماجی علوم میں ایس پی ایس ایس کا استعمال کرتے ہوئے ڈاٹا تجزیہ پر ایک ہفتہ کے پروفیشنل ڈیولپمنٹ پروگرام کا انعقاد کیا۔ پروگرام کا مقصد پیشہ ور افراد، اسکالر اور طلباء کی ضروریات کو پورا کرنا تھا جو سافٹ ویئر کا استعمال کرتے ہوئے اپنی ڈاٹا تجزیہ مہارت کو بڑھانا چاہتے ہیں۔
پروگرام کے افتتاحی سیشن میں مہمان خصوصی انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے پروفیسر(ڈاکٹر) ابھیجیت بھٹاچاریہ، ایرا یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر، پروفیسر (ڈاکٹر) فرزانہ مہدی اور ڈاکٹر غزالہ زیدی اسسٹنٹ رجسٹرار موجود تھیں۔ ڈین فیکلٹی آف سائنس ڈاکٹر اے کے۔
شریواستو اور ڈاکٹر شیبا رضوی، کنوینر اور شعبہ لبرل ایجوکیشن کی سربراہ نے مہمانوں اور شرکاء کو پروگرام کے مختلف سیشنز کے بارے میں آگاہ کیا۔
پروفیسر مہدی نے پروگرام سے خطاب کیا اور اس مفید اقدام پر لبرل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کو مبارکباد دی۔ پرو فیسر(ڈاکٹر) کوشیلندر کمار سنگھ شعبہ شماریات، بنارس ہندو یونیورسٹی، پروفیسر (ڈاکٹر) شاہ محمد خان شعبہ نفسیات، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، پروفیسر (ڈاکٹر) سریندر کمار، شعبہ شماریات، بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر سنٹرل یونیورسٹی، ڈاکٹر سبھاش یادو، شعبہ شماریات، لکھنؤ یونیورسٹی اور ڈاکٹر نازیہ نقوی، شعبہ لبرل ایجوکیشن، ایرا یونیورسٹی نے ایس پی ایس ایس پر ڈاٹا انٹری، مفروضے کی جانچ، تغیرات کا تجزیہ کے مختلف پہلوؤں کا پریکٹس کے ساتھ احاطہ کیا۔
پروگرام کے آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر عبدالقدوس اور ڈاکٹر نازیہ نقوی نے تمام انتظامی اور تکنیکی تقاضوں کو پورا کیا۔ مختلف اداروں کے 60 سے زائد طلباء، سکالر اور فیکلٹی ممبران نے اپنے متعلقہ شعبوں میں سافٹ ویئر کی تفہیم اور اطلاق کو بہتر بنانے کے لئے حصہ لیا۔ پی ڈی پی کنوینر ڈاکٹر شیبا رضوی نے پروگرام کےلئے تمام شرکاء کو مبارکباد دی اور آرگنائزنگ کمیٹی، طلبا اور معاون عملہ کی تعریف کی۔