رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اسلامی انقلاب نے عالمی سامراج کے پیکر پر کاری ضرب لگائی ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عوامی رضا کارفورس بسیج کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے اہم کارناموں میں سے ایک عوامی رضا کار فورس بسیج کی تشکیل ہے۔
آپ نے فرمایا کہ اسلامی انقلاب نے، امریکا اور برطانیہ سے ایران کی وابستگی کا خاتمہ کرکے ایرانی عوام کو حقیقی اور صحیح شناخت عطا کی اور ایرانی عوام کی جرائت اور بہادری سے دیگر قوموں میں بھی بیداری پیدا ہوئی ۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اسلامی انقلاب کی سامراج مخالف آئیڈیالوجی سے خائف ہو کر امریکا اور مغرب نے ایران کے خلاف آٹھ سالہ جنگ مسلط کرانے کے ساتھ ساتھ طرح طرح کی سازشیں کیں۔
رہبرانقلاب اسلامی نے پچھلے دنوں ایران میں ہوئے کچھ بلوؤں کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ ہمارا مقابلہ، چند فریب خوردہ نوجوانوں یا دشمنوں کے کچھ ایجنٹوں سے نہیں بلکہ ہماری اصل لڑائی عالمی سامراج سے ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے، ان لوگوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے جو یہ کہتے ہیں کہ امریکا سے مذاکرات کرکے مشکلات حل کی جاسکتی ہیں فرمایا کہ امریکا نے کبھی بھی اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا، امریکا صرف اسی صورت میں ایرانی قوم سے راضی ہوگا جب امریکا کے کہنے پر ایرانی عوام پوری طرح سے خود کو نہتا کردیں اور یہ وہ چیز ہے کہ جسے غیرت مند ایرانی قوم کبھی بھی قبول نہیں کرے گی۔