گروگرام نگر نگر نے اب ہر منگل کو گوشت کی دکانیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس بات پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ ایک ٹویٹ کے ذریعہ اویسی نے کہا کہ گوشت لاکھوں ہندوستانیوں کا کھانا ہے اور اس کو ناپاک چیز کی طرح نہیں دیکھا جانا چاہئے ۔
بتادیں کہ گروگرام نگر نگم کی حال ہی میں ہوئی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ منگل کو اب شہر میں گوشت کی دکانیں بند رکھی جائیں گی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹنگ میں اس موضوع پر کوئی بحث نہیں ہونی تھی ، لیکن میٹنگ کے درمیان ہی کچھ پارشدوں نے مذہبی جذبات کا حوالہ دیتے ہوئے دکانیں بند کرانے کا مطالبہ کیا ۔
نگر نگم کے اس فیصلہ سے ناراض ہوکر اویسی نے کہا کہ کوئی بھی شخص اپنی ذاتی زندگی میں کیا کررہا ہے ، اس سے کسی کے مذہبی جذبات کیسے مجروح ہوسکتے ہیں ۔ لوگ گوشت خرید رہے ہیں ، بیچ رہے ہیں اور کھا رہے ہیں ، وہ کسی کو بھی زبردستی حصہ لینے کیلئے مجبور نہیں کررہے ہیں ۔
اسد الدین اویسی نے کہا کہ اس دلیل کی بنیاد پر جمعہ کو شراب کی دکانیں بند ہونی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ گوشت لاکھوں ہندوستانیوں کا کھانا ہے اور اس کو کسی ناپاک چیز کی طرح نہیں دیکھا جانا چاہئے ۔