پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صوابی کی تحصیل چھوٹا لاہور کا ایک پولیس اسٹیشن اس بار دہشت گردوں کے حملے کا نشانہ بنا ہے جس میں پانچ افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
ضلعی پولیس افسر نجم الحسین نے میڈیا کو بتایا کہ یہ حملہ پولیس پر کئے جانے والے اس حملے کے تین دن بعد کیا گیا ہے جس میں دہشت گردوں نے یار حسین کے علاقے میں ایک پولیس کی گاڑی میں ہینڈ گرنیڈ پھینکا تھا جس سے ایک سب انسپکٹر جاں بحق اور دو اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس کی رپورٹ کے مطابق دہشت گرد ایک موٹر سائیکل پر پولیس اسٹیشن آئے اور ہینڈ گرنیڈ پھینک دیا جس سے کانسٹیبل طیب خان کے علاوہ پانچ دیگر عام شہری زخمی ہو گئے جبکہ دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے دہشت گردوں نے پاکستان میں سیکورٹی اہلکاروں اور ان کے مراکز کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔