اسلام آباد: صدارتی الیکشن کے لیے آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے صدارتی امیدوار کے لیے کاغذات نامزدگی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے تھے جنہیں جانچ پڑتال کے بعد منظور کرلیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر صدارتی انتخابات کے ریٹرننگ افسر ہیں انہوں نے اسکروٹنی کے بعد سابق صدر کے کاغذات منظور کیے۔
پی پی رہنما فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا اور ان کے بطور صدارتی امیدوار کاغذات منظور کرلیے گئے۔
واضح رہے کہ نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جو کہ 9مارچ ہفتے کی صبح 10 بجے ہوگا۔