اسلام آباد:پاکستانی حکام نے قومی دارالحکومت اسلام آباد میں شدت پسند مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے بعد کی صورتحال کے پیشِ نظر تمام پرائیویٹ ٹیلی ویزن نیوز چینلز کو عارضی طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی حکم پر پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے پہلے تمام ٹی وی چینلز کو دھرنے کی کوریج نہ دینے کی ہدایت جاری کی تھیں بعدِ ازاں تمام پرائیویٹ ٹی وی چینلز کو بند کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیر اعظم کی ہدایت کے فوری بعد ملک کے مختلف علاقوں میں نیوز چینلز بند ہونا شروع ہوگئے ۔پیمرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹفیکیشن کے مطابق تمام میڈیا ہاؤسز کو اپنے اسٹاف کی سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئیں۔پیمرا کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پوزیشنز کو ٹیلی ویزن پر براہِ راست نہ دکھایا جائے ۔
اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹس فیس بک اور ٹوئٹر بھی بلاک ہونا شروع ہوگئیں ہیں۔