کوئٹہ؛ پاکستان کے شہر کوئٹہ شہر کی شاہراہ اقبال پر کورٹ اور پریس کلب کو نشانہ بنا کر کئے گئے فدائین حملہ میں کم از کم آٹھ افراد جاں بحق اور 23 دیگر زخمی ہو گئے۔
کوئٹہ پولیس کے ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ ’’خودکش بمبار نے پولیس ناکے کو توڑتے ہوئے ریلی میں گھسنے کی کوشش کی تاہم سیکورٹی اہلکاروں کے روکنے پر اس نے خود کو اڑا لیا۔
اطلاعات کے مطابق کوئٹہ میں پریس کلب کے قریب شارع اقبال پر دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جب کہ 23 افراد زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوراً قریبی اسپتال منتقل کیا، ترجمان سول اسپتال نے دھماکے میں 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں میں مزید افراد کی حالت تشویشناک ہے جب کہ سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔پولیس کے مطابق دھماکے کی شدت کے باعث قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور آس پاس کھڑی کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوئٹہ میں بم دھماکے کی مذمت کی اور قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد سخت ترین سزا کے مستحق ہیں ۔ اس قبل پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کردیئے ہیں۔