جموں:جموں کشمیر کے راجوری ضلع میں کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد کے نزدیک پاکستان نے پھر سے جنگ بندی کی خلار ورزی کرتے ہوئے گولیاں چلائیں۔
سرکاری ترجمان نے یہاں بتایا ہے کہ آر ایس پورہ کے سچیت گڑھ سیکٹر کے قریب پاکستانی رینجرز نے صبح ساڑھے گیارہ بجے بلااشتعال فائرنگ کی۔ سرحد پار سے عبدلیان اور چندو گاؤں کے قریب اگلی چوکیوں پر بھی فائرنگ کی گئی۔ بی ایس ایف کے جوانوں نے فائرنگ کا معقول جواب دیا۔
ترجمان نے کہا کہ فائرنگ میں کسی کے زخمی ہونے کی خبر نہیں ہے ۔ فائرنگ ابھی جاری ہے ۔
قبل ازیں پاکستان نے راجوری ضلع کے نوشیرہ سیکٹر میں کنٹرول لائن کی اگلی چوکیوں پر فائرنگ کی۔ پاکستان نے ساڑھے 10 بجے نوشیرہ سیکٹر کے کلال اور بابا خوري علاقے میں بھی زبردست فائرنگ کی۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے اگلی چوکیوں پر بندوقوں اور مارٹر سے فائرنگ کی۔ ہندستانی سلامتی دستوں نے بھی ایسے ہی ہتھیاروں سے پاکستان کو معقول جواب دیا۔
سرحدی علاقوں میںفائرنگ کی وجہ سے دہشت پھیل گئی اور وہ اپنے اپنے گھروں میں بند ہو گئے ۔ کل جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر میں پاکستانی فائرنگ میں بی ایس ایف کا ایک جوان شہید ہو گیا تھا اور 12 سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے تھے ۔ 50 مویشی بھی مارے گئے تھے ۔