لندن؛پاکستانی نژاد برطانوی شہری صادق خان دوبارہ لندن کے میئر منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لیبر پارٹی کے صادق خان نے کنزر ویٹو پارٹی کے شان بیلی کو شکست دی۔ انتخابی نتائج کے مطابق صادق خان 12 لاکھ 6 ہزار 34 ووٹ حاصل کیے جبکہ شان بیلی 9 لاکھ 77 ہزار 601 ووٹ حاصل کرسکے۔
میڈیا سے گفتگو میں صادق خان نے کہا کہ لندن کے لوگوں کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور مجھے دنیا کے سب سے بڑے شہر کی رہنمائی جاری رکھنے کیلیے منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور لندن کی سیاحت کی معیشت کے فروغ کیلیے اپنی مہم جاری رکھیں گے۔ صادق خان نے لندن کے لوگوں سے وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کورونا جیسے وبائی مرض سے نجات کے دوران بھی لندن شہر کے بہتر اور روشن مستقبل کیلیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔