نالندہ : بہار کے نالندہ ضلع میں جمعرات کو پاکستانی پرچم لہرایا گیا۔ میڈیا میں خبر آئی تو آنا فانا میں پرچم کو اتاردیا گیا اور ایک خاتون کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔جب خاتون سے اس معاملہ میں پوچھ گچھ کی گئی ، تو عجیب و غریب بیان سامنے آیا۔
پرچم لہرانے کے الزام میں گرفتار خاتون نے کہا کہ وہ بے اولاد تھی، اس وجہ سے محرم میں اولاد کی منت مانگی تھی۔اس کے بعد چھ سال پہلے اسے ایک بیٹا ہوا، تب سے وہ مسجد کے امام کے کہنے پر پرچم لہراتی رہی ہے ۔ خاتون کے مطابق وہ ہر محرم میں اس پرچم کو تبدیل کر دیتی ہے۔
خیال رہے کہ بهارشریف کے جس محلے میں یہ پرچم لہرایا گیا ہے، وہاں ایک خاص کمیونٹی کے لوگوں کی تعداد زیادہ ہے۔ معاملہ کے انکشاف کے بعد پولیس موقع پر پہنچی۔
نالندہ کے ایس پی کمار آشیش نے کہا کہ گھر والوں کے مطابق وہ 6 سالوں سے پرچم لہرا رہے تھے اور پرچم اسلامی ہے لیکن نالندہ ایس پی کے مطابق پرچم پاکستان کا دکھ رہا ہے، اس کی جانچ کی جا رہی ہے۔
کمار آشیش کے مطابق خاتون کے بیان کی جانچ کی جا رہی ہے اور ساتھ ہی ساتھ اس بات کا بھی پتہ لگایا جا رہا ہے کہ پرچم اسلامی ہے یا پاکستانی۔ ایس پی کے مطابق اس معاملے میں ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے ، جبکہ دو لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔