ہندوستان کے خلاف گزشتہ ماہ ایشیا کپ میں کھیلنے والے ندیم احمد سمیت ہانگ کانگ کے تین کھلاڑیوں پر2014 میں مبینہ میچ فکسنگ میں شامل ہونے کے لئے آئی سی سی بدعنوانی مخالف ضابطہ کے تحت الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
تینوں کھلاڑیوں حسیب امجد اورندیم اوران کے بھائی عرفان احمد پربدعوانی مخالف ضابطہ کی مختلف دفعات کے تحت الزامات لگائے گئے ہیں۔ یہ تینوں کھلاڑی پاکستانی نژاد ہیں۔
بائیں ہاتھ کے اسپنرندیم کا نام سب سے اہم ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے خلاف 18 ستمبرکو ایشیا کپ میچ کے دوران 10 اوورکی گیندبازی کی تھی، جن میں انہوں نے 39 رن دیئے، لیکن انہیں وکٹ نہیں ملا۔ وہیں عرفان 2014 اورحسیب 2016 میں ہانگ کانگ کی طرف سے کھیلے تھے۔ عرفان پرمیچ فکسنگ کے 9 بڑے الزامات لگائے گئے ہیں۔
آئی سی سی نے انہیں اپریل 2016 سے معطل کررکھا ہے۔ ندیم اورحسیب پرآئی سی سی ضابطہ کی پانچ دفعات کے تحت الزامات لگائے گئے ہیں۔ ندیم اورحسیب کوالزامات کا جواب دینے کے لئے دو ہفتے کا وقت دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کی ٹیم نے یواے ای کی ٹیم کوشکست دینے کے بعد کوالیفائی کیا تھا۔ پہلے میچ میں اسے پاکستان سے شکست ملی وہیں دوسرے مقابلے میں اس نے ہندوستان کوسخت ٹکردی تھی۔ ٹیم دونوں میچ میں شکست سے دوچارہوکرایشیا کپ کے سپر-4 میں کوالیفائی نہیں کرپائی تھی۔