ہندوستان میں فلسطین کے سفیر عبدالرازق ابو جزیر نے کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی سے ملاقات کر پارلیمانی انتخاب میں جیت کے لیے مبارکباد پیش کی ہے۔ دونوں شخصیات کے درمیان یہ ملاقات 10 دسمبر کو ہوئی اور خاص طور سے فلسطینی سفیر وائناڈ میں پرینکا کو ملی تاریخی کامیابی پر انھیں نیک خواہشات پیش کرنے کے لیے پہنچے تھے۔
اس ملاقات کے دوران پرینکا گاندھی نے آزادی حاصل کرنے کے لیے فلسطینی عوام کی جدوجہد کو اپنی حمایت دینے کی بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ وہ بچپن سے ہی فلسطینی مفادات کے بارے میں سوچتی رہی ہیں اور اس کو انصاف ملے، یہ یقین کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ پرینکا گاندھی نے بچپن میں فلسطینی لیڈر یاسر عرفات کے دورۂ ہند کے دوران کئی بار سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی سے ملاقات کا تذکرہ بھی کیا۔
پرینکا گاندھی نے فلسطینی سفیر سے ملاقات میں غزہ کے حالات پر بھی بات کی۔ انھوں نے غزہ میں چل رہی اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی مذمت کی اور علاقے میں پھیلی تباہی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ ہر اس ماں کے تئیں اظہارِ ہمدردی پیش کرتی ہیں جن کے بچے اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ انھوں نے غزہ میں پیدا بحران پر بین الاقوامی طبقہ کی خاموشی کی مذمت بھی کی۔
فلسطینی سفیر نے اس دوران غزہ میں جنگ بندی کی سمت میں ہندوستان کے کردار کی اہمیت کا اظہار کیا۔ انھوں نے علاقہ میں ہندوستان کے اثرات پر زور دیتے ہوئے فلسطینی حقوق کے لیے ہندوستان کے مستقل حمایت پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے فلسطین اور ہندوستان کی سیاسی پارٹیوں کے درمیان تاریخی تعلقات کو بھی یاد کیا، جس میں کانگریس پارٹی بھی شامل ہے، جو طویل مدت سے فلسطینی آزادی کی وکالت کرتی رہی ہے۔