لکھنؤ: بی ایس پی چیف مایاوتی نے کہاکہ سیاسی پارٹیاں یہ ثابت کرتی ہیں کہ کانگریس اور جاتی وادی پارٹیوں کو برے دنوں میں دلتوںکی یاد آتی ہے۔ دلتوں کو وزیر اعلیٰ اور تنظیم وغیرہ کے اہم مقامات پر رکھنا اس کی مثال ہے۔
مایاوتی نے دوشنبہ کو سوشل میڈیا پر لکھتے ہوئے کہاکہ پارٹیاں اپنے اچھے دنوں میں پھر دلتوں کو درکنار کردیتی ہیں۔ ان کی جگہ پر پھر ان جاتی وادی لوگوںکو ہی رکھا جاتا ہے جیسا کہ ابھی ہریانہ ریاست میں دیکھنے کوملا۔
ایسے بے عزت ہورہے دلت لیڈروںکو اپنے مسیحا ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر سے سبق لے کر انہیں خود ہی ایسی پارٹیوں سے الگ ہوجانا چاہئے۔ اپنے سماج کو پھر ایسی پارٹیوں سے دور رکھنے کےلئے انہیں آگے بھی آنا چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے ملک کے کمزور طبقوں کےاحترام کی وجہ سے اپنے مرکزی وزیر قانون کے عہدے سے استعفیٰ دے دیااسی سے سبق لے کر جب مجھے سہارنپور میں دلت استحصال واردات پر بولنے نہیں دیاگیا تو راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔
انہوں نے کہاکہ کانگریس اور دیگر جاتی وادی پارٹیاں شروع سے ہی ان کے ریزرویشن کی مخالفت کر رہی ہیں۔