نئی دہلی: روزمرہ کی صارفین مصنوعات (ایف ایم سی جی)شعبے کی تیزی سے بڑھتی ہوئی یوگا گرو بابا رام دیو کی کمپنی پتنجلی نے ایک ساتھ آٹھ بڑے ای خوردہ فروشوں کے ساتھ شراکت داری کا آج اعلان کیا اور کہا کہ اس کا مقصد تین سال میں کاروبار کو 10 گنا بڑھا کر ایک لاکھ کروڑ روپے تک پہنچانا ہے ۔
بابا رام دیو نے پتنجلی کے منیجنگ ڈائرکٹر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر اچاریہ بال کرشن nنے پے ٹی ایم مال، بگ باسکٹ، فلپ کارٹ، گروفرس، امیجن، نیٹ میڈس، ون ایم جی اور شاپ کلوز کے سینیئر افسران کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کیا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ ابھی پتنجلی کا کاروبار 10 ہزار کروڑ روپے کا ہے اسے دو تین برس میں 50 ہزار سے ایک لاکھ کروڑ روپے تک پہنچانا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ان آن لائن پلیٹ فارموں کے تجربے کے دوران یومیہ 10 لاکھ آرڈر آرہے تھے ۔ آئندہ ایک دو برس میں دو ہزار کروڑ سالانہ آرڈر کا ہدف ہے اس کے ساتھ ہی بیرون ممالک میں بھی اپنی موجودگی بڑھاتے ہوئے پانچ سے دس برسوں میں کم از کم 10 سے 20 ممالک میں معروف ایف ایم سی جی کمپنی بنانا ہے ۔
بابا رام دیو نے کہا کہ آن لائن کے ساتھ روایتی سٹور اور ترسیل کا نیٹ ورک بھی بڑھا جائے گا۔ ابھی 15 سے 20 لاکھ اسٹور ہیں جن کی تعداد بڑھا کر ایک سال میں 50 لاکھ کرنے کا مقصد ہے ۔ آنے والے وقت میں پتنجلی کو قانونی طور پر غیر منافع بخش کمپنی بنا دیا جائے گا اور اس کا مکمل فائدہ چیریٹی کاموں میں لگایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 50 سال کا ماسٹر پلان تیار کیا گیا ہے جس کے تحت اس دوران ایک لاکھ کروڑ روپے صحت، تعلیم، گئو خدمات اور گاؤوں کی ترقی جیسے امدادی کاموں میں لگانے کا مقصد ہے ۔ کمپنی اب تک 11 ہزار کروڑ روپے ان کاموں میں خرچ کرچکی ہے ۔ اچاریہ بال کرشن نے بتایا کہ سبھی آن لائن پلیٹ فارموں کے ساتھ یہ معاہدہ کیا گیا ہے کہ وہ پتنجلی کی مصنوعات کو زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمتوں سے کم نہیں بیچیں گے ۔اس موقع پر پے ٹی ایم مال کے بانی وجے شیکھر شرما، بگ باسکٹ کے ہری مینن، فلپ کارٹ کے صدر کلیان کرشن مورتی۔ گروفرس کے بانی سوربھ کمار۔ امیجن انڈیا کے نائب صدر منیش تیواری۔ نیٹ میڈس کے بانی پردیپ ڈاڈھا، ون ایم جی کے شریک بانی گورو اگروال۔ شاپ کلوز کے نائب صدر (آپریٹینگ اور اسٹریٹجک پارٹنرشپ) وشال شرما، ایچ ڈی ایف سی بنک کی برانچ بنکنگ ای کامرس اور سرکاری کاروبار کی انچارج سمتا بھگت اور پے ٹی ایم مال کے چیف ایگزیکٹیو افسر امت سنہا موجود تھے ۔