قطر ان دنوں اپنے تین ہمسایہ ممالک اور مصر کی جانب سے قطع تعلقی کے اعلان کے بعد بحران کا شکار ہے۔ گذشتہ 37 برس سے ریڈیو سے وابستہ ہونے کی وجہ سے سیف الرحمٰن نہ صرف حالیہ بحران پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں بلکہ انھوں نے خطے میں اس قبل ہونے والے تمام بڑے بحران بھی قریب سے دیکھے ہیں۔
سنہ 1990 میں کویت پر عراق کے حملے سے چھڑنے والی پہلی خلیجی جنگ کا وقت انھیں اچھی طرح یاد ہے۔ وہ بتاتے ہیں کہ حالیہ خلیجی بحران تو کچھ نہیں، ان دنوں تمام خطے میں اتنی پریشانی ہوئی تھی کہ ‘قطر میں مقیم بہت سے تارکینِ وطن نے اپنے خاندان واپس گھر بھیج دیے تھے۔ ان دنوں ٹیلیفون مہنگا ہوا کرتا تھا پھر بھی لوگ روزانہ اپنی خیریت گھر بتایا کرتے تھے۔’ سیف الرحمٰن سے ہماری ملاقات قطر میڈیا کارپوریشن کی عمارت میں واقع اردو ریڈیو کے دفتر میں ہوئی جہاں وہ ان دنوں دیگر پروگراموں کے علاوہ قطر کے بحران کے حوالے سے ایک خصوصی پروگرام ‘حقیقت یہ ہے’ کی میزبانی کرتے ہیں۔ ریڈیو سیف الرحمٰن کا اوڑھنا بچھونا ہے جس کو انھوں نے 1979 میں حادثاتی طور پر اپنایا۔ وہ ایک سکالرشپ پر 1974 میں عربی کی تعلیم حاصل کرنے قطر آئے تھے، پانچ سال بعد قطر یونیورسٹی میں داخلہ مل گیا اور اسی برس قطر ریڈیو اپنی اردو سروس کا آغاز کر رہا تھا۔ ان کے چند دوست اس کے لیے آڈیشن دینے جا رہے تھے، وہ بھی ساتھ ہو لیے۔ ممتحن نے ان سے بھی چند سطریں پڑھوائیں، اس امتحان میں دوست تو نہیں سیف الرحمٰن منتخب ہو گئے۔ تب سے آج تک انھوں نے واپس پلٹ کر نہیں دیکھا۔
قطر پر ہمسایہ ممالک کے محاصرے سے خود ان ممالک کے ہزاروں افراد کی زندگیاں بھی متاثر ہوئیں اردو ریڈیو کو انھوں نے تن تنہا بھی چلایا ہے جو قطر میں اردو زبان سمجھنے والے تقریباً چار ملکوں کے شہریوں تک پہنچتا ہے۔ ان میں انڈیا، نیپال، بنگلہ دیش اور پاکستان کے افراد شامل ہیں جو مل کر قطر کی حالیہ کل آبادی کا نصف سے بھی زیادہ ہیں۔ اردو سروس کا آغاز محض ایک گھنٹے کے پروگرام سے ہوا تھا۔ آج اُس کی 24 گھنٹے کی نشریات ہیں۔ حالیہ بحران کی بات کرتے ہوئے سیف الرحمٰن پہلی خلیجی جنگ کو یاد کرتے ہیں۔ ان دنوں انھیں حالاتِ حاضرہ کا ایک خصوصی پروگرام کرنے کو کہا گیا، جو چلتے چلتے چھ ماہ تک چلتا رہا۔ سیف بتاتے ہیں کہ ‘ان دنوں میں صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک مسلسل کام کیا کرتا تھا۔‘ اس بار انھوں نے کوشش کی ہے کہ حالات اس نہج تک نہ پہنچیں، مگر اب ریڈیو ان کی عادت بن چکی ہے۔ گھر اب بھی محض سونے کے لیے یا دن میں چند گھنٹے آرام کے لیے ہی جانا ہوتا ہے۔ حالیہ بحران کے بارے میں میں بہرحال ان کا کہنا کہ حالات زیادہ خرابی کی طرف گئے ہی نہیں۔ جمعہ پانچ جون کو جب سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر کے محاصرے کا اعلان کیا تو سیف الرحمٰن کو یہ خبر ان کی اہلیہ سے ملی۔ قطر، بحران ‘گھر سے نمازِ جمعہ کے لیے نکلتے وقت جب میری بیگم نے بتایا کہ سعودی عرب نے قطر کا محاصرہ کر لیا ہے تو میں نے کہا یہ کیسے ہو سکتا ہے۔ سعودی عرب کیسے قطر کا محاصرہ کر سکتا ہے؟ یہ خبر غلط ہو گی۔’ انھوں نے بتایا کہ پھر اگلے روز لوگوں بڑی تعداد میں دودھ دہی اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیا جمع کر رہے ہیں اور وہ گھبرائے ہوئے تھے۔ ‘مگر ایسا محض ایک سے دو دن تک رہا۔ اس کے بعد قطر کی حکومت نے تیزی سے اشیا کی فراہمی کے لیے متبادل انتظامات مکمل کر لیے اور زندگی ایک بار پھر معمول پر آ گئ۔’ اپنے پروگرام ‘حقیقت یہ ہے’ کے ذریعے بھی ان کا مقصد اپنے سامعین کو قطر کے بحران کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ رکھنا ہے جن میں قطر کی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بھی معلومات شامل ہوتی ہیں۔ سیف الرحمٰن کہتے ہیں ابتدا میں وہ زیادہ کھل کر بات نہیں کر رہے تھے مگر اب وہ اپنے سننے والوں کو یہ بھی بتا رہے ہیں کہ قطع تعلق کرنے والے ممالک نے قطر کے شہریوں کے ساتھ کیا سلوک روا رکھا ہے۔ ‘قطر کے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ جو لوگ ہسپتالوں میں داخل تھے انھیں بھی نکال دیا گیا صرف اس لیے کہ وہ قطری تھے۔’ سیف الرحمٰن نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان ممالک میں زیرِ تعلیم قطری طالبِ علموں کے نام خارج کر کے انھیں تعلیمی اداروں سے نکال دیا۔ ایک ادارے نے تو نوٹس بورڈ پر لکھ دیا کہ ‘اس بچے کو محض اس لیے سکول سے نکالا جا رہا ہے کہ وہ قطری ہے۔’ قطر، بحران سیف الرحمٰن اپنے پروگرام میں یہ تمام موضوعات زیرِ بحث لاتے ہیں۔ وہ آج بھی اپنے کئی پروگرام بذاتِ خود ریکارڈ کرتے اور خود سے ان کی ایڈیٹنگ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے ریڈیو کے دفتر کے درودیوار سے ان کو اس قدر انسیت ہو چکی ہے کہ چند گھنٹے جو وہ گھر میں گزارتے ہیں وہاں بھی اسی کے بارے میں سوچتے رہتے ہیں۔ ایک سال ایسا بھی آیا کہ انھیں بغیر بتائے یہ فیصلہ ہو گیا کہ اردو سروس بند کر دی جائے۔ عیدالاضحٰی سے دو روز قبل سیف الرحمٰن کو کہیں سے اس کی بھنک مل گئی۔ ‘سچی بات ہے ان دنوں میں لائبریری میں جا کر وہ ریکارڈ اور پھرکیاں جو میں نے اپنے ہاتھوں سے الماریوں میں لگائیں تھیں ان پر ہاتھ پھیرتا تھا کہ اب ہمارا ساتھ چھوٹ رہا ہے۔ میرے آنسو بھر آتے تھے۔’ بہرحال اردو سروس آج بھی جاری ہے اور دو برس قبل ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچنے والے سیف الرحمٰن آج بھی کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے وہ نہیں جانتے کب انھیں خداحافظ کہہ دیا جائے گا۔ وہ خود کو ذہنی طور پر اس کے لیے تیار کر تو رہے ہیں مگر نہیں جانتے کہ اس کے بعد وہ کیا کریں گے۔ ‘کبھی کبھی تو خیال آتا ہے کہ یہاں سے تو بس پھر قبرستان ہی جانا ہے۔’ ٭ قطر کو مشرق وسطیٰ کے بعض دیگر ملکوں کے ساتھ سفارتی کشیدگی کے بعد ایک بڑے معاشی بحران کا سامنا ہے۔ بی بی سی قطر بحران کے وہاں رہنے والے مقامی اور غیر ملکی افراد پر اثرات کے بارے میں خصوصی رپورٹس کا سلسلہ شروع کر رہی ہے۔یہ رپورٹس آپ ہر جمعرات اور جمعے کو بی بی سی اردو ڈاٹ کام کے علاوہ شام سات بجے آج نیوز کے علاوہ ریڈیو سیربین اور بی بی سی اردو ڈاٹ کام کے علاوہ ہمارے یو ٹیوب چینل پر بھی دیکھ سکیں گے۔