انڈیا کی اداکارہ انوشکا شرما اور کرکٹر وراٹ کوہلی نے ملک سے باہر اٹلی میں شادی کیا کی کہ وہ بعض لوگوں کے لیے ‘ملک مخالف’ ہو گئے۔
بیرونِ ملک شادی کی تقریب سے دولہا دلہن کے رشتہ داروں کو شکایت ہو یا نہ ہو لیکن انڈیا کی وسطی ریاست مدھیہ پردیش کے بی جے پی کے رکن اسمبلی کو ان کا یہ فیصلہ ایک آنکھ نہ بھایا۔
بی جے پی لیڈر پنّا لال شاکیہ نے ‘سکل انڈیا’ کے ایک پروگرام میں کہا: ‘شادی کی رسم کے لیے انڈیا میں جگہ نہیں ملی۔ غضب ہو گيا۔ ارے، کیا ہندوستان میں جگہ نہیں ملی۔ کیا ہندوستان اس قدر اچھوت ہے؟’
‘اس ملک میں رام، کرشن، وکرمادتیہ اور یودھشٹر کی شادی ہوئی۔ آپ سب کی بھی شادی ہوئی ہے یا ہونے والی ہو گی۔ لیکن ہم میں سے کوئی بھی بیرون ملک نہیں جائے گا۔ پیسے اور شہرت یہاں کمائی جا رہی ہے اور شادی کے لیے اربوں روپے یہاں سے لے جائے گئے۔ ہندوستان کی سرزمین ان کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتی۔ اس سے یہ واضح ہے کہ وہ محب وطن نہیں، وہ محب وطن نہیں ہیں۔
فیس بک پر ‘آزاد بھارت’ کے نام سے انوشکا اور وراٹ کوہلی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے یہ لکھا گیا: ‘آپ اپنے ملک کے لوگوں فائدہ پہنچانے کے بارے میں تو خواب میں بھی نہیں سوچ سکتے۔ آپ جیسے امیروں کے دل میں جس دن ایسے خیالات پیدا ہوں گے اس دن انڈیا دنیا کا امیر ترین ملک بن جائے گا۔‘