بولی وڈ اداکارہ اور پروڈیوسر پوجا بھٹ اداکاری سے تو خود کو بہت دور لے جا چکی ہیں، تاہم وہ بہت جلد ایک کتاب تحریر کرنے جارہی ہیں جس میں وہ اپنی شراب نوشی سے چھٹکارے کی جدوجہد بیان کریں گی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پوجا بھٹ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’میں لوگوں کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ یہ کوئی آٹو بایوگرافی نہیں ہوگی، جیسے وہ فلموں میں کہتے ہیں کہ پکچر ابھی باقی ہے میرے دوست، اس لیے 45 سال کی عمر میں، میں کوئی سوانح حیات لکھنے کی حقدار نہیں، میں اپنی جدوجہد بتاکر دوسروں کی مدد کرسکتی ہوں‘۔
پوجا بھٹ گزشتہ 10 ماہ سے شراب نوشی سے دور ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’یہ آسان نہیں تھا لیکن اتنا مشکل بھی نہیں‘۔
خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں پوجا بھٹ نے ہندوستانی میڈیا سے اپنی شراب نوشی کی عادت چھوڑنے پر بات کی، اس دوران ان کا کہنا تھا کہ ’اگر میں ابھی شراب نہیں چھوڑوں گی تو یہ مجھے میری قبر تک لے جائے گی‘۔
پوجا بھٹ کے ساتھ اس کتاب کو روشمیلا بھٹچاریا تحریر کررہی ہیں، جسے پینگوئن انڈیا شائع کرے گیں۔
امید ظاہر کی جارہی ہے کہ یہ کتاب اگلے سال کے آغاز تک ریلیز کردی جائے گی۔
پوجا بھٹ کے والد مہیش بھٹ نے بھی اپنی ایک ٹویٹ میں پوجا کی حوصلہ افزائی کی۔