حال ہی میں اتر پردیش پبلک سروس کمیشن نے پی سی ایس 2021 کے نتائج کا اعلان کیا، اس بار ریاست کو 627 نئے افسران حاصل ہوئے ہیں، جن میں سے 26 کا تعلق مسلم برادری سے ہے۔
پی سی ایس 2019 اور 2020 کے نتائج کے مقابلے 2021 میں مسلم امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ جہاں پی سی ایس 2020 میں صرف 8 امیدوار منتخب ہوئے تھے، وہیں پی سی ایس 2019 میں 13 مسلم امیدواروں کا انتخاب ہوا تھا۔
پی سی ایس 2021 میں ایس ڈی ایم کے لیے صرف دو مسلم امیدواروں کا انتخاب ہوا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ دونوں لڑکیاں ہیں۔ ان میں سے ایک کا نام ثانیہ اعجاز ہے، جنہوں نے 11ویں رینک حاصل کر کے مسلم امیدواروں میں ٹاپ کیا ہے، جبکہ دوسری کا نام مسیحا نظم ہے، جنہیں 18 واں مقام حاصل ہوا ہے ۔ نتیجہ 19 اکتوبر کو جاری کیا گیا تھا۔
ڈپٹی ایس پی کے عہدہ کے لیے کل 25 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے، جن میں صرف ایک مسلم امیدوار شامل ہے۔ امروہہ کے یامین احمد نے ڈی ایس پی کے عہدے پر 17واں رینک حاصل کیا ہے۔ یامین احمد خفیہ ایجنسی آئی بی میں بھی کام کر چکے ہیں۔ اب وہ اتر پردیش میں ڈپٹی ایس پی کے طور پر کام کریں گے۔
بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کے عہدہ کے لیے تین مسلم کمیونٹی کے امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جس میں فہد خان نے پہلی اور آصف اخلاق نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس کے علاوہ کامران نعمانی کو بھی بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کے عہدے کے لیے منتخب کیا گیا ہے، انہیں 30واں مقام حاصل ہوا ہے۔
کمانڈنٹ ہوم گارڈ کے عہدے کے لیے کل 6 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے، جن میں دو مسلم امیدوار شامل ہیں۔ نمرہ ضیاء خان نے دوسری اور محمد عمران نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ اسسٹنٹ کمشنر اور اسسٹنٹ رجسٹرار کے عہدے کے لیے صرف ایک مسلم امیدوار کا انتخاب کیا گیا۔ سرفراز عالم نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ اس عہدے کے لیے مجموعی طور پر 9 افراد کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ایکسائز انسپکٹر کے عہدے کے لیے کل 44 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے، جن میں سے تین مسلم کمیونٹی کے امیدوار ہیں۔ ایکسائز انسپکٹر میں اسد زبیری نے پہلا، عبدالصابر نے 13واں رینک حاصل کیا۔ اس کے علاوہ محمد عدنان خان نے ایکسائز انسپکٹر کے عہدے پر 20 واں رینک حاصل کیا۔
لیبر انفورسمنٹ آفیسر کے عہدے کے لیے دو مسلم امیدواروں کا انتخاب کیا گیا جن میں اسنا مستقیم اور اقبال احمد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ محسنہ بانو اور شمیم احمد نائب تحصیلدار بن گئے ہیں۔ دوسری جانب صبیحہ ممتاز، عدنان حفیظ، محمد رفیق، رضیہ خاتون، گلنواز عالم کو پرنسپل کے عہدے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
ندیم رضا، محمد ثاقب سب رجسٹرار بن گئے ہیں جب کہ اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کے لیے تین مسلم امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں انور حسین، سمیہ پروین اور حنا شامل ہیں۔ اسسٹنٹ میونسپل کمشنر بننے والے انور حسین علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طالب علم رہ چکے ہیں۔ انور نے اے ایم یو کی رہائشی کوچنگ اکیڈمی میں رہ کر امتحان کی تیاری کی تھی۔
ڈپٹی ایس پی بننے والے یامین احمد کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ واحد مسلم امیدوار ہیں جنہیں ڈی ایس پی کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ آئی بی میں کام کرنے کے باوجود وہ ایڈمنسٹریٹو سروس جوائن کرنا چاہتے تھے۔ وہ بتاتے ہیں کہ آئی بی کی نوکری چھوڑ کر انہوں نے انتظامی خدمات کو اپنا ہدف بنایا اور اس مقصد کو پورا کرنے کے لیے سخت محنت کی اور مقصد حاصل بھی کیا۔
اے ایم یو کی رہائشی کوچنگ اکیڈمی کے پروفیسر صغیر احمد کا کہنا ہے کہ اس سال آر سی اے کے پانچ بچوں کو پی سی ایس کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ یہ نتیجہ مستقبل میں بہتر ہوگا۔ خیال رہے کہ پی سی ایس 2021 کا نتیجہ بدھ کو جاری کیا گیا۔ اس سے قبل مین امتحان کا نتیجہ 12 جولائی 2022 کو اعلان کیا گیا تھا جس میں 1285 امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا تھا۔ اس کے بعد ان امیدواروں کے انٹرویو کیے گئے۔ ان میں کل 627 امیدوار کامیاب ہوئے۔ یوپی پی سی ایس میں پرتاپ گڑھ کے اتل کمار سنگھ پہلے، اناؤ کی سومیا مشرا دوسرے اور امندیپ سنگھ تیسرے مقام پر رہے۔